وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت اجلاس،مثالی گاؤں، لاہور ڈویلپمنٹ پروگرامز میں پیشرفت کا جائزہ،اسداللہ اور سید موسیٰ رضا کی بریفنگ

وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں ایک اجلاس کے دوران مثالی گاؤں اور لاہور ڈویلپمنٹ پروگرامز میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں، سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ آسیہ گُل، سپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ارشد بیگ اور ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ احمر کیفی نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر پنجاب رُورل میونسپل سروسز کمپنی (پی آر ایم ایس سی) کے سی ای او اسداللہ نے مثالی گاؤں جبکہ ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام (ایل ڈی پی) کے بارے میں اجلاس کو بریفنگ دی۔

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلٰی مریم نواز کا مثالی گاؤں پروگرام ایک منفرد منصوبہ ہے۔ وزیراعلٰی کے ویژن کے مطابق دیہات میں جدید میونسپل خدمات مہیا کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں پنجاب کی دس ڈویژن کے 469 دیہات کا انتخاب کیا گیا ہے۔ اب تک پی آر ایم ایس سی نے 336 دیہات کی سکیموں کے لئے ٹینڈرز جاری کر چکی ہے جبکہ 114 دیہات کے لئے ورک بھی ایوارڈ کیا جا چکا ہے۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ سرگودھا کے 38، ساہیوال 44، گوجرانولہ کے 55 گاؤں پروگرام میں شامل ہیں۔ گجرات ڈویژن کے 47، ملتان 62 اور ڈی جی خان کے 39 دیہات کو مثالی بنائیں گے جبکہ لاہور ڈویژن کے ضلع شیخوپورہ کے 47، راولپنڈی کے 56 دیہات کو بھی پہلے مرحلے کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہاولپور ڈویژن کے 47 اور فیصل آباد کے 34 دیہات میں جدید میونسپل خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ پروگرام کے مطابق منتخب کئے گئے دیہات میں واٹر سپلائی، سیوریج اور گلیاں پختہ کرنے کی سکیمیں مکمل کی جائیں گی۔ اِس پروگرام کا ایک خاص پہلو یہ ہے کہ ہر مثالی گاؤں میں تباہ شدہ روایتی چھپڑوں کو بحال کیا جائے گا۔ چھپڑوں کے گندے پانی کو صاف کرکے ایکواکلچر کو فروغ دیں گے۔ دیہات میں پہلی بار پارک بھی بنائے جائیں گے اور گلیوں میں خوشنما رنگوں والی ٹائلز کا استعمال ہوگا۔ وزیر بلدیات نے پی آر ایم ایس سی کو ہدایت کی کہ کسی بھی مثالی گاؤں میں کوئی گلی کچی نہیں رہنی چاہئیے۔ وزیراعلٰی مریم نواز دیہات اور شہروں میں یکساں سہولیات کی فراہمی چاہتی ہیں اور ماڈل ویلیج پروگرام اِسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیہات کی نالیاں لائیوسٹاک ویسٹ کی صفائی کے نکتہ نظر سے بنائی جائیں گی اور بڑے قُطر والے پائپ استعمال کئے جائیں گے تاکہ صفائی میں آسانی ہو۔ ذیشان رفیق نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مثالی گاؤں پروگرام کا دائرہ کار مرحلہ وار بڑھایا جائے گا۔دریں صوبائی وزیر نے ایل ڈی پی) کا جائزہ لیتے ہوئے اس اطمینان کا اظہار کیا کہ فیز ٹو پر تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے تمام کام مقررہ ٹائم لائن کے اندر ہر صورت میں مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے زور دیا کہ ڈپٹی اور اسسٹنٹ کمشنرز ترقیاتی کاموں کی موثر مانیٹرنگ یقینی بنائیں۔ ذیشان رفیق نے واضح کیا کہ کسی بھی سکیم کے معیار اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ سٹریٹ لائٹس کی تنصیب اور گرین ایریاز کے قیام پر خصوصی توجہ دی جائے۔ ایل ڈی پی فیز ون کے چیلنجز سے سیکھ کر آگے بڑھ رہے ہیں۔ لاہور کے شہریوں کو ترقیاتی سکیموں کی مرحلہ وار تکمیل سے ریلیف مل رہا ہے۔

جواب دیں

Back to top button