صوبہ بھر میں پیدائش و اموات کی رجسٹریشن کی بہتری کے لئے قانون سازی مکمل کر لی گئی ہے۔محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ پنجاب نے نئے برتھ ڈیتھ رولز نافذ کر دیئے ہیں۔

نئے برتھ ڈیتھ رولز میں رجسٹریشن کے طریقہ کار کو آسان بنایا گیا ہے۔سیکرٹری قانون اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کی منظوری کے بعدقواعد کا باقاعدہ گزٹ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ نئے رولز کے مطابق پیدائش سے سات سال تک رجسٹریشن بالکل مفت کی جائے گی۔ایک سال کی عمر تک پیدائش کا اندراج متعلقہ سیکرٹری یوسی کا اختیار ہو گا۔7سال کی عمر تک کا اندراج متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر کا اختیار ہوگا۔7سال سے زائد عمر کا اندراج متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹر کا اختیار ہو گا۔لیٹ اندراج کی صورت میں کورٹ ڈگری کی شرط ختم کر دی گئی ہے۔سات سال سے زائد تاخیر کی صورت میں اخبار اشتہار لازم ہوگا۔سات سال کے بعد اندراج کی صورت میں رجسٹریشن فیس لاگو ہوگی۔
محکمہ بلدیات پنجاب کے ترجمان کے مطابق
وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر محکمہ بلدیات حکومتِ پنجاب نے صوبہ بھر میں برتھ اور ڈیتھ رجسٹریشن کے عمل کو مؤثر، شفاف اور سہل بنانے کے لیے نئی قانون سازی مکمل کر لی ہے۔ اس ضمن میں برتھ و ڈیتھ رجسٹریشن رولز 2025 باقاعدہ طور پر نافذ کر دیے گئے ہیں، جن کا نوٹیفکیشن پنجاب گزٹ میں جاری کر دیا گیا ہے۔نئے قواعد کے تحت پیدائش یا وفات کی رجسٹریشن پر سات سال تک کسی قسم کی کوئی فیس نہیں لی جائے گی، اور کمپیوٹرائزڈ برتھ و ڈیتھ سرٹیفکیٹس کا اجرا بھی بلا معاوضہ ہوگا۔ یہ اقدام وزیر اعلیٰ پنجاب کے اس وژن کا حصہ ہے جس کے تحت عوام کو روزمرہ سرکاری امور میں سہولت اور مالی ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔
لیٹ اندراج کی صورت میں اب عدالت سے ڈگری لینے کی شرط ختم کر دی گئی ہے، تاہم اگر رجسٹریشن میں سات سال سے زیادہ تاخیر ہو جائے تو اس صورت میں رجسٹریشن فیس لاگو ہو گی۔ ڈیتھ رجسٹریشن کی صورت میں سات سال سے زائد تاخیر کی صورت میں اب بھی عدالتی ڈگری لازمی ہوگی۔نئے قواعد میں رجسٹریشن کے اختیارات کی بھی واضح تقسیم کی گئی ہے۔ ایک سال کی عمر تک پیدائش کا اندراج متعلقہ یونین کونسل کے سیکرٹری کے اختیار میں ہو گا۔ سات سال کی عمر تک کی رجسٹریشن اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کے ذریعے کی جائے گی، جبکہ سات سال سے زائد عمر کے اندراج کا اختیار متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹر کے پاس ہو گا۔محکمہ بلدیات کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات پر رجسٹریشن کا عمل نہ صرف سادہ اور شفاف بنایا گیا ہے بلکہ شہریوں پر مالی بوجھ بھی ختم کر دیا گیا ہے تاکہ ہر فرد کی شناخت اور بنیادی شہری حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ حکومت پنجاب صوبے کے ہر شہری کو باعزت، بروقت اور مفت خدمات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔






