وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ڈسکہ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا طویل جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں نیسپاک لاہور کی ٹیم اور ڈپٹی پی ڈی پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام رفیق سرویا نے شرکت کرتے ہوئے جاری منصوبوں پر بریفنگ دی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ کالج چوک ڈسکہ میں 500 فٹ کے دو انڈرگراؤنڈ واٹر اسٹوریج ٹینکس پر کام شروع کر دیا گیا ہے، جو تقریباً 4 لاکھ گیلن بارشی پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔کالج چوک شہر کا لوایسٹ لیول ہونے کی وجہ سے کالج روڈ اور سرکلر روڈ کا بارشی پانی یہاں جمع ہوگا جس سے اربن فلڈنگ، سیوریج اور نکاسی آب کے مسائل میں نمایاں بہتری آئے گی۔
اور اسی پانی کو ٹریٹ کرکے فصلوں اور گرین بیلٹس کے استعمال میں لایا جائے گا۔مزید بتایا گیا کہ سوہاوہ سے لاڑی اڈا تک نئی ڈرینز بچھائی جا رہی ہے جبکہ سوہاوہ میں بھی 500 فٹ کا بڑا واٹر اسٹوریج ٹینک تعمیر کیا جائے گا۔ نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے 3×3 سے 4×4 سائز کی ڈرینز بنائی جا رہی ہیں جس سے 25 کیوسک فلو تک پانی کے بہاؤ کو بہتر بنایا جا سکے گا۔اجلاس میں سمبڑیال روڈ اور قیصر شیریں کے قریب ایک بڑا انڈرگراؤنڈ واٹر اسٹوریج ٹینکس (UGST) بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا جبکہ 100 فٹ کا دوسرا انڈرگراؤنڈ بھی سمبڑیال روڈ پر زیر تعمیر ہے۔وزیر بلدیات نے ہدایت کی کہ تمام چاروں واٹر اسٹوریج ٹینکس اور ڈرینز منصوبے 15 مئی تک مکمل کیے جائیں جبکہ چھانگا روڈ پر سیوریج منصوبے کو 30 اپریل تک مکمل کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔اجلاس میں وزیر بلدیات کی سیاسی ٹیم کے سینئر اراکین ڈاکٹر رومان عاشر میاں، حاجی محمد عظیم بٹ صدر پی پی 51، سٹی صدر ڈسکہ محمد افضل منشاء اور پولیٹیکل سیکرٹری وزیر بلدیات سید داؤد شاہ بخاری بھی موجود تھے۔انجینئر کبیر اور ایم او انفراسٹرکچر صائم نے جاری ترقیاتی کاموں پر اب تک کی پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔ڈسکہ میں نکاسی آب، سیوریج اور بارشی پانی کے مسائل کے مستقل حل کیلئے یہ منصوبے اہم سنگ میل ثابت ہوں گے اور شہر کی خوبصورتی میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔





