ڈائریکٹر جنرل پنجاب والڈ سٹیز اینڈ ہیریٹیج ایریاز اتھارٹی نجم الثاقب اور پاکستان میں فرانس کے سفیر ژاں نوئل پواریے نے آج اندرونِ لاہور میں واقع تاریخی روشنائی گیٹ پریسبیٹیرین چرچ کی بحالی کے بعد افتتاح کیا۔
یہ چرچ 1908 میں ریورنڈ جی ایل ٹھاکر داس نے قائم کیا تھا۔ ایک صدی سے زائد عرصے سے یہ مسیحی برادری کے لیے عبادت گاہ کے طور پر خدمات انجام دے رہا ہے اور لاہور کے متنوع ثقافتی و مذہبی ورثے کا ایک اہم حصہ ہے۔ یہ اندرونِ شہر میں مقیم مسیحی برادری کے لیے واحد تصدیق شدہ چرچ ہے۔ ہر اتوار کو اردگرد کے علاقوں سے تقریباً 80 افراد یہاں اتوار کی عبادت میں شرکت کرتے ہیں۔چرچ کے بیرونی حصے کی بحالی پنجاب والڈ سٹیز اینڈ ہیریٹیج ایریاز اتھارٹی کے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ اور فرانسیسی ترقیاتی ادارے (اے ایف ڈی ) کے مالی تعاون سے جاری ہیریٹیج اینڈ اربن ری جنریشن لاہور کے منصوبے کے پیکیج اے کے تحت کی گئی۔ اس منصوبے کا مقصد ٹیکسالی کے علاقے کی بحالی ہے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نجم الثاقب نے کہا، ’’روشنائی گیٹ پریسبیٹیرین چرچ کی بحالی لاہور کے متنوع ثقافتی اور مذہبی ورثے کے تحفظ و بحالی کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ ہمارا ورثہ صرف تاریخی عمارتوں اور یادگاروں تک محدود نہیں بلکہ ان عبادت گاہوں کو بھی شامل کرتا ہے جو مقامی برادریوں کے لیے گہری اہمیت رکھتی ہیں۔ اس اقدام کے ذریعے ہمارا مقصد اس تاریخی چرچ کو آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ بنانا اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ یہ مسیحی برادری کے لیے اپنی خدمات جاری رکھے۔”چرچ کی بحالی اندرونِ لاہور کے تاریخی و تعمیراتی ورثے کے تحفظ کی جاری کوششوں میں ایک اور اہم سنگِ میل ہے۔ یہ اقدام شہر کی کثیر الثقافتی شناخت کو برقرار رکھنے اور تمام برادریوں کی شمولیت و ہم آہنگی کو فروغ دینے کے عزم کو بھی تقویت دیتا ہے۔





