کراچی کے عوام کو پانی کی فراہمی اولین ترجیح ہے،کرم اللہ وقاصی

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی ہدایت پر کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن میں پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر اور ترجمان میئر کراچی کرم اللہ وقاصی نے پارسی کالونی کے واٹر پمپنگ اسٹیشن سے متعلق مسائل کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی۔ پارلیمانی دفتر میں ہونے والے اس اجلاس میں کونسل اراکین اور مختلف یونین کونسلوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں سے تبادلہ خیال کیا گیاجبکہ پانی کی فراہمی سے متعلق مسائل کے حل کے لیے مختلف تجاویز بھی زیرِ غور آئیں۔پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی نے متعلقہ مسائل پر گفتگو کے دوران عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے باہمی مشاورت اور مربوط اقدامات کی اہمیت اجاگر کی۔ ملاقات کا مقصد مقامی سطح پر درپیش مسائل کی نشاندہی اور ان کے حل کے لیے قابلِ عمل تجاویز پر غور کرنا تھا۔ترجمان میئر کراچی کرم اللہ وقاصی نے کہا ہے کہ شہر میں ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی، پانی کی فراہمی کے مسائل کے حل اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے اقدامات جاری ہیں، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شہری شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ محکموں کو فوری اور مؤثر کارروائی کی ہدایت کی ہے۔دریں اثنامیئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی ہدایت پر ترجمان میئر کراچی کرم اللہ وقاصی نے رات گئے اولڈ سٹی ایریا میں جاری سڑکوں کی کارپیٹنگ کے کام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بوھرا پیر سے سٹی کورٹ تک اور چاند بی بی روڈ پر لیڈی ڈفرن اسپتال، سول اسپتال اور ٹراما سینٹر کے اطراف جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا۔اس موقع پر متعلقہ انتظامیہ، وائس چیئرمین یونین کونسل 13 ساجد شاہ بخاری، یونین کونسل کے صدر شاکر اور دیگر افراد بھی موجود تھے۔ ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کا مقصد جاری منصوبوں کی پیش رفت کا مشاہدہ اور شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کی کوششوں کو آگے بڑھانا تھا۔پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی کے مطابق کراچی میں ترقیاتی سرگرمیوں،شہری سہولیات کی بہتری اور عوامی مسائل کے حل کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ اور تعاون اہم ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے خدمتِ عوام کے عزم کے تحت شہر کی بہتری اور ترقیاتی کاموں کو آگے بڑھانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کو درپیش مسائل کے حل، بنیادی سہولیات کی بہتری اور شہر کو منظم بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

جواب دیں

Back to top button