میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ناتھا خان روڈ پر جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا اور متعلقہ حکام سے تفصیلی بریفنگ لی، انہوں نے ترقیاتی کام جلد از جلد مکمل کرکے سڑک کو بہت جلد ٹریفک کے لیے کھولنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو اس حوالے سے جلد خوشخبری سنائیں گے،میئر کراچی نے ناتھا خان روڈ پر جاری ترقیاتی کاموں کے دورے دوران متعلقہ حکام سے بریفنگ لی اور واضح کیا کہ شہر کی تعمیر و ترقی میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ ہم نہ صرف کراچی کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے بلکہ ترقیاتی کاموں میں رکاوٹیں ڈالنے والوں سے بھی سختی سے نمٹیں گے، رکاوٹیں ڈالنے کا وقت گزر چکا ہے، اب وہ خود موقع پر موجود رہ کر ترقیاتی کاموں کی نگرانی کریں گے
، شہر کا تحفظ کریں گے اور شہریوں کے حقوق کے محافظ بنیں گے،انہوں نے کہا کہ ایئرکنڈیشنڈ دفاتر میں بیٹھ کر احکامات جاری کرنے والوں کو شہر اور شہریوں کی ضروریات کا حقیقی اندازہ نہیں ہوتا، شہری مسائل کے حل کے لیے ضروری ہے کہ افسران اور متعلقہ حکام موقع پر پہنچ کر صورتِ حال کا جائزہ لیں اور عملی اقدامات کریں،انہوں نے کہا کہ ناتھا خان روڈ جیسے اہم راستوں کی بہتری سے شہریوں کو آمدورفت میں سہولت ملے گی اور ٹریفک کی روانی بہتر بنانے میں مدد ملے گی، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے ضروری ہے کہ متعلقہ ادارے باہمی رابطے کے ساتھ کام کریں اور تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران شہریوں کو درپیش مشکلات کم سے کم رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کریں،میئر کراچی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور تمام مراحل کی مسلسل نگرانی یقینی بنائی جائے، انہوں نے واضح کیا کہ منصوبوں کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر نہیں ہونی چاہیے اور شہریوں کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی پیشرفت نظر آنی چاہیے،میئر کراچی نے کہا کہ ہم چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے سپاہی ہیں، عوام کی خدمت ہمارا مقصد ہے اور ہم ہر وقت شہریوں کی خدمت کے لیے حاضر ہیں، کراچی کی ترقی اور شہریوں کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔





