ایڈمن سوسائٹی میں عمارت منہدم ہونے کا واقعہ،ملبے تلے دبے افراد کو بحفاظت نکالنا اولین ترجیح ہے،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بلوچ کالونی کے نزدیک کراچی ایڈمنسٹریشن ایمپلائز ہاؤسنگ سوسائٹی میں زیرِ تعمیر عمارت کے انہدام کے مقام کا دورہ کیا اور جائے حادثہ پر جاری ریسکیو آپریشن کا معائنہ کرتے ہوئے امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر میٹروپولیٹن کمشنر کے ایم سی ابرار جعفر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ میئر کراچی نے واقعے پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے عمارت منہدم ہونے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان کے خدشے پر تشویش ظاہر کی اور واقعے میں جاں بحق و زخمی ہونے والے افراد کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ متاثرہ عمارت میں پھنسے افراد کو بحفاظت نکالنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، ہماری اولین ترجیح انسانی جانوں کو محفوظ بنانا اور متاثرہ افراد کو فوری امداد فراہم کرنا ہے، بلدیہ عظمیٰ کراچی اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں مشترکہ طور پر ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں جبکہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے میونسپل سروسز سمیت تمام متعلقہ محکمے ریسکیو آپریشن مکمل ہونے تک جائے وقوعہ پر موجود رہیں گے،انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ امدادی کارروائیوں کو مزید تیز کیا جائے، ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں اور جائے حادثہ پر امدادی سرگرمیوں کے لیے مطلوبہ سہولیات کی فوری فراہمی یقینی بنائی جائے، میئر کراچی نے کہا کہ ریسکیو آپریشن میں کسی قسم کی غفلت نہیں برتی جائے گی، تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے اور مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور امدادی کارروائیوں کی وہ خود نگرانی کررہے ہیں تاکہ متاثرہ افراد کو بروقت مدد فراہم کی جا سکے اور ملبے تلے دبے افراد کو بحفاظت نکالا جا سکے۔

جواب دیں

Back to top button