بلدیہ عظمیٰ کراچی ترقیاتی کاموں اور عوامی خدمت میں نمایاں کردار ادا کرتی رہے گی۔میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ہمیں ایک ایسی بلدیہ عظمیٰ کراچی ورثے میں ملی تھی جس کے پاس وسائل موجود نہیں تھے اور ادارہ شدید مالی مشکلات کا شکار تھا تاہم آج وہی کے ایم سی اپنے وسائل کو بہتر انداز میں بروئے کار لاتے ہوئے شہر میں ترقیاتی کام کر رہی ہے اور عوام کو عملی طور پر سہولیات فراہم کرتی نظر آرہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شب ویسٹ وہارف روڈ کے دورے کے موقع پر کیاجہاں بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے سڑک کی ازسرنو تعمیر و بحالی کا کام جاری ہے، اس موقع پر میٹروپولیٹن کمشنر کے ایم سی ابرار جعفر، محکمہ انجینئرنگ کے افسران اور دیگر بھی موجود تھے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ویسٹ وہارف روڈ کی تعمیرِ نو بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، بلدیہ عظمیٰ کراچی شہر کی اہم شاہراہوں کی بہتری اور انفرااسٹرکچر کی بحالی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے ایم سی کی کارکردگی میں بہتری اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر اداروں کو بہتر انتظامی حکمت عملی، مؤثر منصوبہ بندی اور دستیاب وسائل کے درست استعمال کے ذریعے فعال بنایا جائے تو محدود وسائل کے باوجود شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جاسکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ کراچی کے تمام علاقوں میں بلاامتیاز ترقیاتی کام کیے جائیں اور شہر کی سڑکوں، بنیادی انفرااسٹرکچر اور شہری سہولیات کو بہتر بنایا جائے۔ بلدیہ عظمیٰ کراچی عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جارہے ہیں۔ میئر کراچی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کراچی کی تعمیر و ترقی کا سفر جاری رہے گا اور شہریوں کو بہتر شہری سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات مزید تیز کیے جائیں گے۔

جواب دیں

Back to top button