*بلدیہ عظمیٰ کراچی 20 سال بعد نیشنل ایج گروپ سوئمنگ چیمپئن شپ کی میزبانی کرے گی*

شہر میں کھیلوں اور تفریحی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ایک اہم پیشرفت کے تحت بلدیہ عظمیٰ کراچی 13 سے 15 نومبر تک کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس میں نیشنل ایج گروپ سوئمنگ چیمپئن شپ کی میزبانی کرے گی۔ اس قومی سطح کے مقابلے کا کراچی میں 20 سال بعد دوبارہ انعقاد کیا جا رہا ہے۔چیمپئن شپ میں تیراکی کے مختلف مقابلے منعقد ہوں گے، جن میں ملک بھر سے نوجوان تیراک حصہ لیں گے۔ اس ایونٹ کا مقصد ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ شہر کے نوجوانوں میں کھیلوں اور صحت مند تفریحی سرگرمیوں کے رجحان کو فروغ دینا ہے۔اس موقع پر میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہر کی ترقی کا دائرہ صرف بنیادی شہری انفرااسٹرکچر کی بہتری تک محدود نہیں بلکہ شہریوں کے لیے صحت مند تفریحی اور کھیلوں کی سرگرمیوں کے مواقع پیدا کرنا بھی اس کا اہم حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے لیے یہ باعثِ فخر ہے کہ 20 سال بعد نیشنل ایج گروپ سوئمنگ چیمپئن شپ کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہو رہا ہے۔ ہم قومی سطح کے ایسے کھیلوں کے مقابلوں کے باقاعدہ انعقاد کے لیے پُرعزم ہیں۔ کے ایم سی نے بچوں اور نوجوان تیراکوں کو جدید سہولیات فراہم کرنے اور کھیلوں میں ان کی زیادہ سے زیادہ شرکت کی حوصلہ افزائی کے لیے اپنے سوئمنگ پول کو جدید ترین نظام سے آراستہ کیا ہے۔میئر کراچی نے کہا کہ کے ایم سی شہر بھر میں کھیلوں کی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے تاکہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے اور قومی سطح پر اپنی قابلیت کا مظاہرہ کرنے کے بہتر مواقع فراہم کیے جاسکیں۔میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ان خیالات کا اظہار سوئمنگ فیڈریشن کی صدر یاسمین سے چیمپئن شپ کے انتظامات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا،اجلاس میں میٹروپولیٹن کمشنر ابرار جعفر اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

جواب دیں

Back to top button