میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے نارتھ کراچی صنعتی علاقے میں 731 ملین روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے نارتھ کراچی میں 731 ملین روپے کی لاگت سے نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے تحت شروع کیے جانے والے ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا،اس موقع پر سٹی کونسل کے اراکین، نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے صدر فیصل معیز خان دیگر عہدیداران اور نمائندے بھی موجود تھے، منعقدہ تقریب سے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کی معاشی ترقی اور صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے صنعتی علاقوں میں بنیادی انفرااسٹرکچر کی بہتری ناگزیر ہے۔ ہمیں یہ یقینی بنانا ہوگا کہ شہر بھی چلتا رہے اور صنعتیں بھی فعال رہیں، کیونکہ صنعتیں چلیں گی تو عام شہری کو فائدہ پہنچے گا، پاکستان کو ٹیکس حاصل ہوگا، حکومت کو امور چلانے میں مدد ملے گی اور صنعتی شعبہ ملک کے لیے زرمبادلہ کمانے میں اپنا کردار ادا کرسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ نارتھ کراچی کا صنعتی علاقہ شہر کی معاشی سرگرمیوں میں اہم کردار ادا کررہا ہے اور یہاں سڑکوں، نکاسی آب اور دیگر بنیادی سہولیات کی بہتری سے صنعتکاروں اور کاروباری طبقے کو سہولت ملے گی۔ صنعتی علاقوں میں بہتر انفرااسٹرکچر سے کاروباری ماحول سازگار ہوگا، سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم صنعتکاروں کے ساتھ پہلے بھی کھڑے تھے، آج بھی ان کے ساتھ ہیں اور آئندہ بھی تعاون جاری رکھیں گے۔ آپ ایک قدم آگے بڑھائیں گے تو ہم دو قدم آگے بڑھائیں گے، دو قدم ممکن نہ ہوں تو ایک قدم اور ایک قدم ممکن نہ ہو تو آدھا قدم ہی سہی، لیکن ہمیں آگے بڑھنے کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت کے دوران وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پہلی مرتبہ تمام صنعتی ایسوسی ایشنز کو فنڈز فراہم کیے اور اس عمل میں یہ نہیں دیکھا گیا کہ کون پیپلز پارٹی سے تعلق رکھتا ہے یا کون اس کا ووٹر ہے۔ کراچی ہمارے لیے اہم شہر ہے اور صنعتی شعبے کے ساتھ تعاون کا بنیادی مقصد شہر کی ترقی ہے۔ میئر کراچی نے کہا کہ صنعتی شعبے کو مشکلات کا سامنا ہوا تو پاکستان پیپلز پارٹی کے نمائندوں نے کراچی چیمبر آف کامرس اور دیگر وفود کے ساتھ بیٹھ کر کاروباری نقصانات کا تخمینہ لگایا، جو اربوں روپے میں تھا جس کے بعد صوبائی حکومت نے کراچی چیمبر کے ذریعے متاثرہ تاجروں کو ادائیگیاں کیں۔ انہوں نے کہا کہ مایوسی پھیلانا اور باتیں کرنا آسان ہے، اصل ضرورت عملی اقدامات کرنے کی ہے۔میئر کراچی نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ تاجروں اور کاروباری طبقے کو تحفظ فراہم کرے تاکہ وہ اپنے مزدوروں کو بروقت اجرت ادا کرسکیں۔ تاجر محفوظ ہوگا تو وہ اپنے مزدوروں کو تنخواہیں دے سکے گا اور کاروباری سرگرمیاں جاری رہیں گی، انہوں نے کہا کہ کراچی کو دوبارہ 90 کی دہائی والا شہر نہیں دیکھنا چاہتا، اس دور میں ہر ہفتے شہر میں قیامت برپا ہوتی تھی اور اخبارات میں ہلاکتوں کی خبریں پڑھنے کو ملتی تھیں۔ بڑی قربانیوں کے بعد ہمیں یہ شہر ملا ہے، اسے دوبارہ ماضی کی صورتحال کی طرف نہیں جانے دینا۔ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ کراچی میں امن و امان برقرار رکھیں اور عہد کریں کہ ماضی جیسے حالات کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ شہر کے امن اور بہتری کے لیے ہر ممکن محنت کرنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میرا شہر ہے اور میرے ملک کی معیشت کو چلاتا ہے، اس بات پر فخر بھی ہے اور شہر کو درپیش مسائل پر دکھ بھی ہوتا ہے۔ ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنے اور باہمی اعتماد کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ سندھ حکومت اور صنعتکار دونوں گیس کی عدم فراہمی کی شکایت کررہے ہیں حالانکہ آئین کے آرٹیکل 158 کے تحت گیس پیدا کرنے والے صوبے کو اس کے استعمال میں پہلا حق حاصل ہے۔ سندھ میں گیس دریافت ہونے کے باوجود صوبے کو اس کے جائز حق کے مطابق گیس نہیں مل رہی۔ خیبر پختونخوا میں صنعتکاروں کو آرٹیکل 158 کے تحت گیس فراہم کی جارہی ہے تو سندھ کے ساتھ بھی یہی اصول اپنایا جانا چاہیے۔ سندھ کی گیس پنجاب منتقل کی جارہی ہے جبکہ سندھ کے صارفین کو درآمدی ایل این جی فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیس کی عدم فراہمی کا معاملہ وفاقی حکومت کی توجہ کا متقاضی ہے۔میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سندھ میں بجلی پیدا کرنے کے لیے ونڈ کوریڈور موجود ہے اور گوادر سے آگے تک ہوا سے بجلی پیدا کرنے کی وسیع گنجائش موجود ہونے کے باوجود مہنگے بجلی گھر لگائے گئے۔ ونڈ پاور کے حوالے سے ہم نے راستہ نکال کر دیا ہے، اب ضرورت اس بات کی ہے کہ دستیاب وسائل سے فائدہ اٹھاتے ہوئے صنعتوں کو سستی توانائی فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں بے روزگاری ختم ہوگی تو ملک میں خوشحالی آئے گی، اس کے لیے ہمیں اپنی سوچ اور رویوں میں بھی تبدیلی لانا ہوگی۔ نوجوانوں کو آگے لانے، انہیں مواقع فراہم کرنے اور سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمیں اپنی ذات کے بجائے ملک کے مفاد کو ترجیح دینی چاہیے اور کاروبار کے لیے نظام کو آسان بنانا ہوگا۔ سرکار کا کام کاروبار کرنا نہیں بلکہ کاروبار کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ہے۔میئر کراچی نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے کاروباری افراد کے ساتھ بیٹھ کر قابل عمل راستہ نکالنا ہوگا اور کاروبار کی لاگت کم کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔ انتظامی رکاوٹیں پیدا کرنے کے بجائے کاروباری اور سمجھدار لوگوں کو آگے بڑھنے اور فیصلے کرنے کے مواقع فراہم کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی فراہمی کے لیے صرف ڈیموں پر انحصار نہیں کرنا چاہیے بلکہ نہر کے پانی کو بھی کراچی تک پہنچانے کے امکانات پر کام کیا جاسکتا ہے۔ وفاقی حکومت ڈیموں سے کراچی کے لیے پانی کی موجودہ الاٹمنٹ بڑھانے میں سندھ حکومت کی مدد کرے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے یہ مؤقف اختیار کیا جاتا ہے کہ کراچی کے پاس پانی کی فراہمی کا مطلوبہ انفرااسٹرکچر موجود نہیں، حالانکہ پانی کی ترسیل کے لیے انفرااسٹرکچر تعمیر کرلیا گیا ہے اور اب وفاقی حکومت کو اس حوالے سے فیصلہ کرنا چاہیے۔ ہمارے پاس روزانہ 100 سے 200 ملین گیلن پانی کراچی پہنچانے کی گنجائش موجود ہے، اس لیے اسلام آباد میں بیٹھ کر کراچی کو پانی کی فراہمی کے معاملے پر فیصلہ کیا جانا چاہیے۔انہوں نے صنعتی شعبے کے نمائندوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنیشنل کمپلائنس اور کیمیکل اینالیسس کے منصوبوں پر بھی کام کیا جائے گا، جنہیں ری سائیکلنگ کے ذریعے آگے بڑھانے کا ہدف ہے۔ پہلے مرحلے میں صنعتی علاقے میں کام شروع کرنا چاہتا ہوں جبکہ دوسرے مرحلے کے لیے صنعتکار جگہ کی نشاندہی کریں، ہم کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔ اگر کسی منصوبے سے عوام کو فائدہ پہنچتا ہے تو اس میں مکمل تعاون کیا جائے گا۔ بائیو گیس کے منصوبے کے حوالے سے بھی مقامی سطح پر قابل عمل حل تلاش کرنا ہوگا اور جہاں پہلے سے اس نوعیت کا کام ہورہا ہے وہاں صنعتی شعبے کے اشتراک سے مزید پیشرفت کی جاسکتی ہے۔میئر کراچی نے کہا کہ سیوریج ٹریٹمنٹ اور بائیو گیس کے منصوبوں کے لیے گرانٹ حاصل کرنے کی سفارش بھی کرنا چاہتا ہوں۔ تمام متعلقہ کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز کو ہدایت کی جائے کہ ترقیاتی منصوبوں کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ منصوبے پر 732 ملین روپے خرچ کیے جائیں گے اور اگلی مرتبہ حکومت سے یہ رقم وصول کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں اور نالوں کی تعمیر کا کام جلد مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں سڑکوں کی تعمیر اور بہتری کے حوالے سے شکایات کی جاتی تھیں، تاہم اب شہر میں سات ہزار سڑکوں کی پیورمنٹ ہوچکی ہے۔ ہمیں یہ بھی سوچنا ہوگا کہ کیا ہم ماضی کے گورننس نظام کی طرف واپس جانا چاہتے ہیں اور ماضی میں پیدا ہونے والی خرابیوں کی وجوہات کا جائزہ لینا ہوگا۔ ہماری کوشش ہے کہ کراچی کے تمام علاقوں بالخصوص صنعتی زونز میں بہتر انفرااسٹرکچر اور جدید بلدیاتی سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی ترقی میں صنعتکاروں اور تاجر برادری کا تعاون انتہائی اہم ہے اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل کر مسائل کے حل کے لیے آگے آنا ہوگا۔ ہمارا مقصد شہریوں کو ریلیف فراہم کرنا ہے اور امید ہے کہ آنے والا وقت کراچی اور پاکستان دونوں کے لیے بہتر ثابت ہوگا۔

جواب دیں

Back to top button