پاکستان کو 2027 تک پولیو فری بنانے کے لئے پوری قوم کو متحد ہونا پڑے گا،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پاکستان سے پولیو کا مکمل خاتمہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، ہمیں متحد ہوکر اس موذی مرض کے خلاف جدوجہد کرنا ہوگی تاکہ اپنے بچوں کا مستقبل صحت مند اور محفوظ بنا سکیں۔ بین الاقوامی ماہرین بھی اس بات پر پُرامید ہیں کہ اگر ہم اسی جذبے اور تسلسل کے ساتھ کام کرتے رہے تو 2027 میں پاکستان کو پولیو سے پاک ملک بنانے میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے کونسل ہال میں پولیو مہم ”خواب چلتے قدموں سے” کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سٹی کونسل میں پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، سٹی کونسل کے اراکین، یونیسیف کے نمائندے، بین الاقوامی ماہرین اور دیگر متعلقہ شخصیات بھی موجود تھیں۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اس بات پر غور کرنے کی ضرورت ہے کہ دنیا بھر سے لوگ ہمارے بچوں کے محفوظ مستقبل کے لیے کراچی اور پاکستان آ رہے ہیں، ارجنٹائن، شکاگو اور ملک کے مختلف علاقوں سے ماہرین ہماری مدد اور رہنمائی کے لیے یہاں موجود ہیں، ہمیں بھی اپنے بچوں کے مستقبل کے لیے اسی سنجیدگی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں پولیو مہم کی کامیابی میں منتخب یونین کونسلز کی قیادت اور بلدیاتی نمائندوں کا کردار انتہائی اہم رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں بھی کراچی کی پولیو مہم میں منتخب یوسی قیادت کی کارکردگی کو سراہا گیا۔ مہم کے لیے دس لاکھ افراد تک رسائی کا ہدف مقرر کیا گیا تھا، تاہم بین الاقوامی ماہرین کی جانب سے 17 لاکھ 80 ہزار تک رسائی کی نشاندہی کی گئی، یہ کامیابی تمام منتخب نمائندوں اور مہم میں حصہ لینے والے کارکنوں کی محنت کا نتیجہ ہے۔ میئر کراچی نے کہا کہ ہمارا مذہب بھی ہمیں انسانیت کی خدمت، دوسروں کی مدد اور ایک دوسرے کے کام آنے کا درس دیتا ہے۔ ہم سب یہاں کسی نہ کسی صورت میں لوگوں کی خدمت کے لیے موجود ہیں، جس طرح شہری اپنے مسائل لے کر منتخب نمائندوں کے پاس آتے ہیں اور پانی، بنیادی سہولیات اور دیگر مسائل کے حل کے لیے تعاون طلب کرتے ہیں، اسی طرح اب ہمیں پولیو کے خاتمے کے لیے بھی عوام کے پاس جانا ہوگا اور انہیں آگاہی دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے حوالے سے منفی پروپیگنڈے اور غلط معلومات کا مؤثر جواب دینا ضروری ہے۔ منتخب نمائندے اپنے علاقوں میں لوگوں کو آگاہ کریں، انہیں معلوماتی ویڈیوز دکھائیں اور سمجھائیں کہ بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنا ان کے بہتر مستقبل کے لیے کتنا ضروری ہے۔ اس معاملے کو سیاست یا سیاسی اختلافات کی نظر نہیں ہونا چاہیے بلکہ بچوں کی صحت اور مستقبل کو اولین ترجیح دینا ہوگی۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پولیو سے متاثرہ بچوں اور ان کے والدین کی تکلیف کا اندازہ لگانا بھی مشکل ہے۔ ایک باپ جس اذیت سے گزرتا ہے جب اس کا بچہ کسی ایسے مرض کا شکار ہوجائے جو اس کی زندگی اور مستقبل کو متاثر کردے، اس درد کو محسوس کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمیں اپنے بچوں کو ایسی تکلیف سے بچانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی 245 یونین کونسلز کے نمائندے، سٹی کونسل کے اراکین اور نوجوان اس مہم میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ اگر کسی علاقے میں لوگوں کی جانب سے مزاحمت یا انکار کا سامنا ہو تو مایوس ہونے کے بجائے دوبارہ ان کے پاس جائیں، انہیں سمجھائیں اور آگاہی فراہم کریں۔ یہ مہم چند دنوں کی نہیں بلکہ ہمارے بچوں کے مستقبل کی جنگ ہے۔ جہاں بھی کسی مشکل علاقے میں میری ضرورت محسوس ہو، میں خود وہاں جانے کے لیے تیار ہوں۔ میئر کراچی نے کہا کہ ہر والدین اپنے بچوں سے بے پناہ محبت کرتے ہیں، اسی طرح دادا، دادی، نانا اور نانی بھی اپنے پوتے پوتیوں اور نواسے نواسیوں کے بہتر مستقبل کے خواہش مند ہوتے ہیں۔ میری اپیل ہے کہ تمام منتخب نمائندے اپنے بچوں اور پوتے پوتیوں کے ساتھ آگاہی ویڈیوز بنائیں اور سماجی ذرائع ابلاغ پر شیئر کریں تاکہ عوام کو یہ پیغام دیا جاسکے کہ ہم اپنے بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنے کے لیے عملی طور پر میدان میں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دس برسوں کے دوران پہلی مرتبہ اس مہم کی کامیابی کے حوالے سے اتنی امید نظر آرہی ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ اگر تمام لوگ متحد ہوکر کام کریں اور سیاسی اختلافات و منفی پروپیگنڈے کو ایک طرف رکھیں تو ہم ضرور کامیاب ہوں گے۔ ہمارے لیے سب سے اہم چیز بچوں کی صحت اور ان کا محفوظ مستقبل ہے۔

جواب دیں

Back to top button