شہریوں کے لئے بہترین تفریحی اور کھانے پینے کی سہولت فراہم کرنے پر چنیسر ٹاؤن کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے سندھی مسلم سوسائٹی میں قائم فوڈ واک کا دورہ کیا، اس موقع پر چیئرمین چنیسر ٹاؤن فرحان غنی بھی ان کے ہمراہ تھے جنہوں نے میئر کراچی کو فوڈ واک منصوبے کے مختلف پہلوؤں، فراہم کی جانے والی سہولیات اور انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ میئر کراچی نے منصوبے کا جائزہ لیتے ہوئے چنیسر ٹاؤن کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ چنیسر ٹاؤن شاباش کا مستحق ہے جس نے کراچی کے شہریوں کے لیے ایک شاندار مقام بنایا ہے، فوڈ واک نہ صرف شہریوں کو بہترین کھانے پینے کی سہولیات فراہم کرے گی بلکہ انہیں ٹریفک سے پاک اور خوشگوار ماحول بھی میسر آئے گا جہاں خاندان کے افراد اطمینان کے ساتھ اپنا وقت گزار سکیں گے،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی ایک بڑا اور متنوع شہر ہے جہاں شہریوں کو بہتر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ تفریح کے مواقع فراہم کرنا بھی ہماری ذمہ داری ہے، فوڈ واک جیسے منصوبے شہری زندگی میں مثبت تبدیلی لانے اور شہر کے مختلف علاقوں کو خوبصورت اور فعال بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ فوڈ واک کے ساتھ ساتھ برنس روڈ کو بھی ایک بہترین فوڈ اسٹریٹ بنانے کے لیے کام کیا جا رہا ہے تاکہ کراچی کی روایتی کھانوں کی پہچان کو مزید فروغ دیا جاسکے اور شہریوں کو بہتر ماحول میں کھانے پینے کی سہولت فراہم ہو،میئر کراچی نے کہا کہ سندھ میں بلدیاتی نظام کے تحت شہریوں کی خدمت کے لیے بھرپور کام کیا جا رہا ہے، ہماری کوشش ہے کہ تمام ٹاؤنز کو ساتھ لے کر آگے بڑھا جائے اور شہریوں کو ان کی دہلیز پر بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ تفریحی مواقع میں بھی اضافہ کیا جائے، انہوں نے کہا کہ بلدیاتی ادارے شہریوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسے منصوبے متعارف کرائیں جو عوام کے لیے براہ راست فائدہ مند ہوں، ٹاؤنز کے ساتھ مل کر شہر کے مختلف علاقوں میں ترقیاتی اور عوامی فلاح کے منصوبوں کو آگے بڑھایا جائے گا تاکہ کراچی کے تمام شہری ان سہولیات سے مستفید ہوسکیں،میئر کراچی نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کو چاہیے کہ وہ سندھی مسلم سوسائٹی کی اس شاندار فوڈ واک پر آئیں اور اس ماحول سے لطف اندوز ہوں، ایسے منصوبوں کی کامیابی میں شہریوں کا تعاون بھی نہایت اہمیت رکھتا ہے، انہوں نے کہا کہ کراچی کی رونقیں بحال کرنے اور شہر کو ایک بہتر، خوبصورت اور تفریحی شہر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں، اس موقع پر میئر کراچی نے فوڈ واک پر موجود شہریوں سے ملاقات بھی کی، ان سے گفتگو کی اور منصوبے کے حوالے سے ان کی رائے اور تاثرات معلوم کئے۔

جواب دیں

Back to top button