*پشاور میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن، غیر قانونی تعمیرات مسمار*

ڈپٹی کمشنر پشاور و ایڈمنسٹریٹر کیپٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ آفاق وزیر کی خصوصی ہدایات پر ڈی جی میٹروپولیٹن سلیم خان اور اے سی بشارت اور انفورسمنٹ آفیسر قیصر باچہ کی نگرانی میںضلعی انتظامیہ اور کیپٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ نے اندرون شہر تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا، جس کے دوران متعدد غیر قانونی تعمیرات مسمار کرکے تجاوزات کا خاتمہ کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ اور کیپٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ کے متعلقہ عملے نے اندرون شہر کے مختلف علاقوں، بشمول لاہوری گیٹ، ہشت نگری گھنٹہ گھر اور دیگر ملحقہ علاقوں میں مشترکہ کارروائی کی۔ آپریشن کے دوران سڑکوں، گلیوں اور عوامی گزرگاہوں پر قائم غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کو ہٹایا گیا جبکہ سرکاری اراضی پر قائم غیر قانونی ڈھانچوں کو بھی مسمار کیا گیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر پشاور و ایڈمنسٹریٹر آفاق وزیر نے واضح کیا کہ شہر کو تجاوزات سے پاک کرنے اور شہریوں کو آمدورفت میں درپیش مشکلات کے خاتمے کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اراضی پر غیر قانونی قبضے اور تجاوزات کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تجاوزات کے خاتمے کے بعد دوبارہ قبضے کی روک تھام کے لیے مثر نگرانی یقینی بنائی جائے اور شہر کے تمام علاقوں میں آپریشن کا سلسلہ بلا تعطل جاری رکھا جائے۔

جواب دیں

Back to top button