ستھرا پنجاب لاہور کی خواتین ورکرز کی صحت و فلاح کے لیے ایل ڈبلیو ایم سی کی جانب سے اہم اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔اس مقصد کے تحت ایل ڈبلیو ایم سی کے زیرِ اہتمام الحمرا ہال میں خواتین ورکرز کے لیے چھاتی کے کینسر کےبارے میں آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔سیمینار میں ایل ڈبلیو ایم سی خواتین آفیسرز اور فیلڈ ورکرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔سیکرٹری وومن ڈویلپمنٹ ثمن رائےاور سی ای او شہریار عارف خان نے بطور مہمانانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ ڈاکٹر سیدہ فریحہ زہرا، ڈاکٹر رفقہ اعوان اور کینسر سروائیور فریحہ فیصل نے بھی خصوصی شرکت کی۔تقریب سے خطاب میں سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی شہریار عارف خان کا کہنا تھا کہ ستھرا پنجاب لاہور میں فرائض کی ادائیگی پر مامور تمام خواتین کی جسمانی صحت کے ساتھ ذہنی و اعصابی تندرستی ہماری اولین ترجیح ہے
۔جس کے پیش نظر ستھرا پنجاب لاہور کی 3 ہزار سے زائد خواتین ورکرز کے لیے قائم سہولت مرکز میں لیڈی ڈاکٹرز تعینات ہیں۔ایل ڈبلیو ایم سی سہولت مراکز سے خواتین ورکرز نا صرف اپنی جسمانی و ذہنی صحت بلکہ اپنے حقوق سے متعلق آگاہی بھی حاصل کر سکتی ہیں۔خواتین ورکرز کی صحت اور فلاح و بہبود کے لیے تمام ضروری اقدامات ترجیحی بنیادوں پر کیے جا رہے ہیں۔ اس سیمینار کا مقصد صرف آگاہی نہیں بلکہ خواتین ورکرز تک صحت کی سہولیات کی فراہمی بھی ہے۔خواتین فیلڈ ورکرز ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں لاہور کو صاف ستھرا بنانے میں ان کا کردار کلیدی ہے۔سیکرٹری وومن ڈویلپمنٹ ثمن رائے نے اپنے خطاب میں لاہور کو صاف ستھرا بنانے والی خواتین ورکرز کے لیے خصوصی آگاہی سیمینار کا انعقاد قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے کہا خواتین اپنی صحت کے مسائل کو سنجیدگی سے لیں اور دوسروں کی دیکھ بھال کے ساتھ اپنی صحت کا بھی خیال رکھیں۔ایل ڈبلیو ایم سی کی جانب سے تقریب میں خصوصی طور پر مدعو کیے جانے والی معزز مہمان ڈاکٹر رفقہ اعوان نے چھاتی کے کینسر کی علامات اور خود تشخیصی طریقۂ کار پر خواتین ورکرز کو آگاہی دیتے ہوئے کہا کہ چھاتی کا کینسر بھی دیگر بیماریوں کی طرح ایک مرض ہے تشخیص کی صورت میں مریض کی حوصلہ افزائی کر کے علاج کروانے کی ہمت پیدا کریں۔کینسر سروائیور فریحہ فیصل نے اپنے ذاتی تجربے کی بنیاد پر کینسر سے خوفزدہ ہونے کے بجائے فوری ڈاکٹر سے رجوع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کینسر سے متعلق خوف کے بجائے بروقت تشخیص اور علاج پر توجہ دیں۔مزید برآں انہوں نے چھاتی کے کینسر سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر پر شرکاء خواتین سےتفصیلی گفتگو کی۔





