مادرِ جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی جدوجہد اور قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی،میئر کراچی

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے مادرِ جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی 15ویں برسی پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیگم نصرت بھٹو نے جمہوریت کی سربلندی، آئین کی حکمرانی اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے تاریخی جدوجہد کی، آمریت کے دور میں انہوں نے غیر معمولی حوصلے اور استقامت کا مظاہرہ کرتے ہوئے جمہوری اقدار کا پرچم سربلند رکھا،میئر کراچی نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے بعد بیگم نصرت بھٹو نے جمہوری تحریک کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا، قید و بند اور دیگر صعوبتوں کے باوجود وہ اپنے اصولوں پر ثابت قدم رہیں اور عوامی بالادستی کے لیے جدوجہد جاری رکھی، ان کی سیاسی بصیرت اور قربانیاں پاکستان میں جمہوری نظام کے استحکام کی روشن مثال ہیں،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے جمہوریت کے لیے جو قربانیاں دیں، وہ قومی تاریخ کا ناقابلِ فراموش باب ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنان مادرِ جمہوریت کے نظریات اور جمہوری جدوجہد کے امین ہیں،انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر آصف علی زرداری کی قیادت میں جمہوری اقدار کا فروغ اور عوام کی خدمت ہمارے قائدین کے مشن کی تکمیل ہے، بیگم نصرت بھٹو کی ثابت قدمی اور جمہوریت کے لیے جدوجہد آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ ان کی 15ویں برسی کے موقع پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں اور اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ جمہوریت، آئین کی بالادستی اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

جواب دیں

Back to top button