وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر لاہور کو سرسبز، خوبصورت اور ماحول دوست شہر بنانے کیلئے پی ایچ اے کے اقدامات جاری ہیں۔ صوبائی وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین نے ایم ڈی پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی احمد عثمان جاوید کے ہمراہ لاہور کے مختلف پارکوں کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی و بحالی کے منصوبوں کا جائزہ لیا۔
صوبائی وزیر نے کامران بارہ دری، نہرو پارک اور کریم بلاک پارک کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر انجینئرنگ اور ہارٹیکلچر ڈائریکٹرز نے صوبائی وزیر کو جاری منصوبوں، پارکوں کی تزئین و آرائش اور شہریوں کو بہتر تفریحی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر بلال یاسین نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں میں معیارِ تعمیر اور شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور تمام اسکیمیں مقررہ مدت میں مکمل کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پارکوں میں گرین ایریاز، پودوں اور درختوں کی حفاظت پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ شہر کے قدرتی حسن اور ماحول کو بہتر بنایا جا سکے۔ صوبائی وزیر بلال یاسین نے کہا کہ تاریخی کامران بارہ دری اور نہرو پارک کی بحالی سے لاہور کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا اور سیاحتی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔ شہریوں کو صاف ستھرے، سرسبز اور معیاری تفریحی مقامات فراہم کرنا حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پارکوں میں بچوں کے کھیلنے، فیملیز کی تفریح اور بزرگ شہریوں کیلئے بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی تاکہ تمام شہری ان تفریحی مقامات سے بھرپور استفادہ کر سکیں۔ ایم ڈی پی ایچ اے احمد عثمان جاوید نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جاری ترقیاتی اسکیموں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔





