جائیکا چیف یوسوکے شینوزاکی کی سربراہی میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹیم نے واسا لاہور ہیڈ آفس کا دورہ کیا، مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں، اربن فلڈنگ کے خطرات میں کمی اور نکاسی آب کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایم ڈی واسا لاہور غفران احمد نے جائیکا کے وفد کا خیرمقدم کیا۔ملاقات کے دوران اربن فلڈنگ کی روک تھام، اسٹارم واٹر مینجمنٹ، ڈسپوزل اسٹیشنز اور مشینری کی اپ گریڈیشن سمیت مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں میں تکنیکی تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ جائیکا چیف یوسوکے شینوزاکی نے اربن فلڈنگ سے بچاؤ کے لیے واسا لاہور کے انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینکس کے منصوبے کو سراہا
اور اس ضمن میں کیے جانے والے اقدامات میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ایم ڈی واسا لاہور غفران احمد نے کہا کہ اسٹارم واٹر مینجمنٹ اور اربن فلڈنگ بڑے چیلنجز ہیں، جن سے نمٹنے کے لیے واسا لاہور مختلف اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اربن فلڈنگ سے بچاؤ اور نکاسی آب کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے جائیکا کی تکنیکی معاونت کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ ڈی ایم ڈی انجینئرنگ زیشان بلال نے وفد کو مون سون کے حوالے سے واسا لاہور کے ایس او پیز، مختلف پروگرامز اور اربن فلڈنگ سے نمٹنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔بعد ازاں، جائیکا کے وفد نے واسا لاہور کے کنٹرول روم کا دورہ بھی کیا، جہاں وفد کو اسکادا سسٹم، رین گیجز اور ریئل ٹائم مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے بارش اور نکاسی آب کی صورتحال کی نگرانی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ایم ڈی واسا لاہور غفران احمد نے جائیکا چیف یوسوکے شینوزاکی کو یادگاری سووینئر بھی پیش کی۔اجلاس میں ڈی ایم ڈی انجینئرنگ زیشان بلال، ڈائریکٹر پی اینڈ ڈی ثمینہ آصف، ڈپٹی ڈائریکٹر پی اینڈ ڈی طیب ملک اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔






