*یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر الحمراء لاہور میں تقریب،صوبائی وزراء بلال یاسین،ملک فیصل ایوب کھوکھر کی شرکت*

یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر الحمراء ہال لاہور میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں صوبائی وزراء پنجاب بلال یاسین اور ملک فیصل ایوب کھوکھر نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر صوبائی وزراء نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم اور ان کی جدوجہدِ آزادی کی عکاسی کرنے والی تصویری نمائش کا افتتاح کیا۔ صوبائی وزراء نے دیگر شرکاء کے ہمراہ اظہارِ یکجہتی کشمیر ریلی کی قیادت بھی کی۔تقریب میں کمشنر لاہور نعمان یوسف، ڈپٹی کمشنر لاہور علی اعجاز، ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمراء نواز گوندل اور کشمیری حریت رہنماؤں انجینئر مشتاق محمود، شیخ عبدالمتین اور امتیاز وانی سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ 27 اکتوبر مظلوم کشمیری عوام کی تاریخ کا ایک سیاہ دن ہے۔ قائداعظم محمد علی جناحؒ کے فرمان کے مطابق کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ بھارت کے اقدامات کے بعد مسئلہ کشمیر خطے کے اہم ترین تنازعات میں شامل ہوا، تاہم پاکستان ہمیشہ مسئلہ کشمیر کے پُرامن اور منصفانہ حل کا خواہاں رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کی کوششیں ناکام ہو چکی ہیں۔ پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کی سفارتی محاذ پر کامیابیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ انہوں نے آرمی چیف، وزیراعظم پاکستان اور وزیراعلیٰ پنجاب کو مسئلہ کشمیر اور کشمیری عوام کی آواز مؤثر انداز میں متعلقہ فورمز پر اٹھانے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ بلال یاسین نے کشمیری شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔صوبائی وزیر ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ آج کے دن کشمیری شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ مسئلہ کشمیر محض علاقائی تنازع نہیں بلکہ لاکھوں انسانوں کے بنیادی حقوق اور حقِ خودارادیت کا معاملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا پُرامن اور منصفانہ حل کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے۔ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ عالمی برادری کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال کا نوٹس لینا چاہیے اور کشمیری عوام کو ان کے بنیادی حقوق دلانے کیلئے اپنا مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔کشمیری حریت رہنماؤں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گمنام قبروں، پیلٹ گنوں کے استعمال اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے باوجود تحریکِ آزادی کشمیر کا جذبہ کم نہیں ہوا۔ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن، استحکام اور ترقی کے لیے مسئلہ کشمیر کا منصفانہ اور پُرامن حل ناگزیر ہے۔حریت رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار ان کے لیے حوصلے اور تقویت کا باعث ہے۔ یومِ سیاہ کشمیر محض احتجاج کا دن نہیں بلکہ عالمی ضمیر کو بیدار کرنے اور کشمیری عوام کی جدوجہد کے ساتھ یکجہتی کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔ مقررین نے مطالبہ کیا کہ مختلف جیلوں میں قید خواتین اور بے قصور قیدیوں کو رہا کیا جائے اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا خاتمہ یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت دلانے کے لیے عملی اقدامات کرے۔تقریب کے شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا اور ان کی جائز جدوجہد کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

جواب دیں

Back to top button