وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت مستحق خاندانوں کو گھروں کی تعمیر کے لیے بلاسود قرضوں کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔ پروگرام کے تحت اب تک 2 لاکھ 19 ہزار سے زائد خاندانوں کو مجموعی طور پر 289 ارب 11 کروڑ روپے کے قرضے جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ 1 لاکھ 26 ہزار سے زائد گھر مکمل ہو چکے ہیں اور 61 ہزار سے زائد گھروں کی تعمیر جاری ہے۔سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نورالامین مینگل کی زیرِ صدارت پروگرام کی پیش رفت کا جائزہ اجلاس ، جس میں ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل عمر فاروق، ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن خرم شہزاد اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں قرضوں کی فراہمی، گھروں کی تعمیر اور قرضوں کی واپسی سمیت مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ
اب تک 1 لاکھ 69 ہزار سے زائد خاندانوں کو قرضوں کی دوسری قسط بھی جاری کی جا چکی ہے۔ پروگرام سے مستفید ہونے والے خاندانوں کی جانب سے قرضوں کی واپسی کا عمل بھی جاری ہے اور اب تک 22 ارب 15 کروڑ روپے واپس موصول ہو چکے ہیں۔سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے کہا کہ قرضوں کی واپسی سے حاصل ہونے والی رقم دیگر مستحق خاندانوں کے گھروں کی تعمیر پر خرچ کی جا رہی ہے، جس سے مزید خاندانوں کو اپنی چھت فراہم کرنے میں مدد مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ہر مستحق خاندان کو گھر کی سہولت فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے آن لائن پورٹل پر اب تک 24 لاکھ 62 ہزار سے زائد شہری رجسٹرڈ ہو چکے ہیں، جبکہ پروگرام کے لیے 15 لاکھ 40 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کا مقصد مستحق خاندانوں کو گھر کی تعمیر کے لیے مالی معاونت فراہم کرنا اور انہیں محفوظ و باعزت رہائش کی سہولت دینا ہے۔






