*میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے ضلع ملیر گڈاپ ٹاؤن میں صالح محمد واٹر پمپنگ اسٹیشن کا افتتاح کردیا۔*

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلع ملیر گڈاپ ٹاؤن میں صالح محمد واٹر پمپنگ اسٹیشن کا افتتاح کردیا، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، کے ایم سی سٹی کونسل میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، ضلع صدر پاکستان پیپلزپارٹی،ایم پی اے راجہ عبدالرزاق،سٹی کونسل کی رکن مسرت نیازی، جتوئی،جعفر طیار کے یوسی چیئرمین عاصم، کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے چیف آپریٹنگ آفیسر اسد اللہ خان، مقامی قیادت اور کراچی واٹر کارپوریشن کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے، افتتاح کے موقع پر واٹر کارپوریشن حکام نے میئر کراچی کو پمپنگ اسٹیشن، اس کی استعداد اور علاقے میں پانی کی فراہمی بہتر بنانے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرتے ہیں اور پیپلز پارٹی اپنے منشور پر عمل درآمد کے لیے عملی اقدامات کرتی ہے۔ عوام کو مشکلات اور پریشانیوں کا سامنا ہے، لیکن ہم نے کبھی وسائل کی کمی کا رونا نہیں رویا بلکہ دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے شہریوں کے مسائل حل کرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صالح محمد واٹر پمپنگ اسٹیشن پر کئی دہائیوں بعد کام کیا گیا ہے اور یہاں کلورینیشن سینٹر کو بھی فعال بنایا گیا ہے، جس سے پانی کی فراہمی کے نظام میں بہتری آئے گی۔میئر کراچی نے کہا کہ صالح محمد واٹر پمپنگ اسٹیشن سے میمن گوٹھ روڈ کے اطراف کی آبادیوں اور مختلف سوسائٹیز کو فائدہ پہنچے گاجبکہ جعفر طیار، کھوکھرا پار اور فردوس کالونی کے مکین بھی اس منصوبے سے مستفید ہوں گے۔ گلشن حدید میں اسٹیل مل کی جانب سے پانی کی فراہمی بند کیے جانے کے بعد وہاں کے مکینوں کو مشکلات کا سامنا تھا تاہم پاکستان پیپلز پارٹی کے نمائندوں نے اس مسئلے کے حل کے لیے اقدامات کیے، انہوں نے کہا کہ میمن گوٹھ روڈ کو مزید بہتر بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں سہولت فراہم کی جاسکے،انہوں نے کہا کہ لیاری کے عوام کو پانی کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے ایک کروڑ گیلن پانی کی گنجائش والی لائن بچھائی گئی ہے جبکہ پانی چوری کی روک تھام کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں، لیاری ایکسپریس وے کے ساتھ نئی پانی کی لائن بچھائی گئی ہے جس کی ٹیسٹنگ جاری ہے، انہوں نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں لیاری کے عوام سے کیے گئے تمام وعدے پورے کیے جائیں گے اور کراچی کی ترقی کا سفر بلا تعطل جاری رہے گا،میئر کراچی نے کہا کہ کے ایم سی کے اسپینسر آئی اسپتال کو 1940 میں منتخب میئر نے قائم کیا تھا تاہم بعدازاں یہ اسپتال بند ہوگیا تھا، اب اسے دوبارہ فعال کردیا گیا ہے جہاں روزانہ تقریباً تین سو مریض معائنے کے لیے آتے ہیں جبکہ ہفتے میں ساٹھ سے زائد مریضوں کے موتیے کا علاج کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے منشور کے تحت شہریوں کو معیاری طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور کراچی کے شہریوں کو صحت کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے،انہوں نے کہا کہ شاہراہ بھٹو کی تعمیر کے حوالے سے بعض عناصر یہ تاثر دینے کی کوشش کرتے ہیں کہ یہ منصوبہ صرف وڈیروں کے لیے بنایا گیا ہے حالانکہ کراچی کے عام شہری بھی اس سے مستفید ہوتے ہیں، اسی طرح چکور نالے پر منی شاہراہ بھٹو کی طرز پر کام کیا جا رہا ہے جس سے پہلوان گوٹھ اور راشد منہاس روڈ کے اطراف کے شہریوں کو سہولت ملے گی، انہوں نے کہا کہ اسی سڑک پر واقع تقریباً پانچ سو سال قدیم چوکنڈی قبرستان کے تحفظ اور تاریخی ورثے کو اجاگر کرنے کے لیے کے ایم سی، محکمہ ثقافت کے اشتراک سے ایک معیاری میوزیم قائم کرے گی،یونیورسٹی روڈ کے ترقیاتی منصوبے کے حوالے سے میئر کراچی نے کہا کہ یہ منصوبہ ایک بڑا چیلنج تھا تاہم اس سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا ہے، یونیورسٹی روڈ سے گزرنے والے شہریوں کی تقریباً 80 فیصد مشکلات کم ہوگئی ہیں جبکہ نیپا سے حسن اسکوائر تک کام جاری ہے جو نومبر تک مکمل کرلیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے کئی برسوں سے بند ہے اس لیے شہریوں کو متبادل سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے سڑکوں کی بہتری اور نئے راستوں کی تعمیر پر کام کیا جا رہا ہے، میئر کراچی نے کہا کہ اس وقت شہر کے تمام ساتوں اضلاع اور ٹاؤنز میں ترقیاتی کام جاری ہیں، ماضی میں وسائل کی کمی کا شکوہ کرنے والے ٹاؤنز میں بھی اب کام ہو رہا ہے جو خوش آئند ہے، انہوں نے کہا کہ جب بھی شہر میں ترقیاتی کام ہوتے ہیں تو انہیں خوشی ہوتی ہے کیونکہ کراچی کی بہتری تمام شہریوں کے مفاد میں ہے،انہوں نے کہا کہ کے ایم سی کے پلوں پر جماعت اسلامی کے بینرز نظر آتے ہیں جن میں سڑکوں کی تعمیر کے دعوے کیے جاتے ہیں لیکن اصل اہمیت اس بات کی ہے کہ شہریوں کے مسائل حل ہوں اور ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جائیں، انہوں نے کہا کہ بعض عناصر مایوسی اور تفریق پھیلانے کی کوشش کرتے ہیں لیکن پاکستان پیپلز پارٹی کا ہر کارکن عوامی خدمت اور ترقی کے عمل میں رکاوٹ بننے والے پروپیگنڈے کا مقابلہ کرے گا،چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں کراچی کی بہتری کا سفر جاری رہے گا،میئر کراچی نے کہا کہ شہر میں بعض افراد اپنی سیاسی طاقت اور اثر و رسوخ کو عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے شہریوں کی مشکلات بڑھانے کے لیے استعمال کرتے رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ اگر کوئی شخص تین سو ارب روپے خرچ کرنے کا دعویٰ کرتا ہے تو اس کے اخراجات کے بارے میں سوالات بھی اٹھائے جا سکتے ہیں، وہ گزشتہ دو ماہ سے متعلقہ شخصیت سے تین سو ارب روپے کے اخراجات کا حساب مانگ رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ کراچی میں خوف کی فضا قائم کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی اور شہر میں شہریوں کو خوف سے آزاد ماحول فراہم کرنا ضروری ہے،میڈیا کے ایک سوال کے جواب میں میئر کراچی نے کہا کہ اگر کسی شخص کو گرفتار کیا گیا ہے تو اس حوالے سے متعلقہ پولیس حکام اور وزیر داخلہ ہی جواب دے سکتے ہیں، اگر کسی نے قانون کی خلاف ورزی کی ہے تو اسے قانون کے مطابق جواب دینا ہوگا تاہم سیاسی کارکنوں کی عزت و احترام کو ملحوظ خاطر رکھا جانا چاہیے، انہوں نے کہا کہ وہ جماعت اسلامی اور متحدہ قومی موومنٹ کے سیاسی دوستوں کا احترام کرتے ہیں لیکن جس سیاسی جماعت میں قیادت کے حوالے سے اختلافات ہوں اور ایک رہنما اپنے ہی چیئرمین کو تسلیم کرنے سے انکار کرے وہاں عوامی مسائل کے حل کے لیے مؤثر کردار ادا کرنا مشکل ہوجاتا ہے،منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے منشور میں پانی کے مسائل کے حل کو خصوصی اہمیت دی ہے اور اسی وژن کے تحت کراچی میں شہریوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، ڈپٹی میئر کراچی نے کہا کہ شہر کے ساتوں اضلاع میں ترقیاتی کام جاری ہیں اور ان کی رفتار برقرار رکھی جائے گی، سیاسی مخالفین کے پروپیگنڈے اور تنقید سے ترقیاتی سرگرمیاں متاثر نہیں ہوں گی بلکہ عوامی خدمت کا سلسلہ اسی رفتار سے جاری رہے گا۔

جواب دیں

Back to top button