میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی کی تعمیر و ترقی اور شہریوں کی خدمت کا سفر ہر صورت بلا تعطل جاری رہے گا، ترقیاتی کاموں کے دوران مشکلات اور رکاوٹیں آتی رہتی ہیں، تاہم بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ٹیم اور پاکستان پیپلز پارٹی شہر کے عوام کو درپیش مسائل حل کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ شہر کے وسائل کراچی کے عوام کی امانت ہیں اور ان وسائل کو شہر کی فلاح و بہبود اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے شفاف انداز میں خرچ کیا جاتا رہے گا۔ شہر اور شہریوں کی خدمت کرنے والے اداروں، افسران اور ملازمین کے ساتھ کسی قسم کی زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی اور سرکاری امور میں مداخلت کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے زیرِ تعمیر ناتھا خان چکور نالہ روڈ اور ناتھا خان سے پہلوان گوٹھ روڈ پر جاری ترقیاتی کاموں کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر میٹروپولیٹن کمشنر کے ایم سی ابرار جعفر اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کے متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے گزشتہ روز پیش آنے والے واقعے سے متعلق تفصیلی بریفنگ حاصل کی اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں کا سلسلہ کسی رکاوٹ کے بغیر جاری رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ٹیم شہریوں کو درپیش مشکلات کم کرنے کے لیے دن رات محنت کر رہی ہے اور ایسے منصوبے مکمل کیے جا رہے ہیں جن سے شہریوں کو آمدورفت میں سہولت اور روزمرہ زندگی میں ریلیف ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ چکور نالہ ایکسپریس وے سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں جاری ترقیاتی منصوبے کراچی کے بنیادی انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کی مربوط کوششوں کا حصہ ہیں۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے شہریوں کو طویل عرصے سے درپیش ٹریفک اور آمدورفت کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔میئر کراچی نے کہا کہ ناتھا خان چکور نالہ روڈ، پہلوان گوٹھ روڈ، ضیاء محی الدین فلائی اوور، فلسطین انڈر پاس اور منظور کالونی انڈر پاس سمیت مختلف منصوبوں پر گزشتہ چند برسوں کے دوران سرمایہ کاری کی گئی ہے تاکہ متعلقہ علاقوں کے رہائشیوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ کیا جا سکے۔ ان علاقوں میں ٹریفک کا دباؤ اور آمدورفت کی دشواریاں شہریوں کے لیے مستقل پریشانی کا باعث رہی ہیں، اس لیے حکومت اور بلدیہ عظمیٰ کراچی نے ان مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کا بنیادی مقصد شہریوں کو ریلیف فراہم کرنا اور شہر کے مختلف علاقوں کے درمیان رابطوں کو بہتر بنانا ہے۔میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ناتھاخان چکور نالہ روڈ کے حوالے سے ایک اور اہم منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس سڑک کو حبیب یونیورسٹی کی جانب سے منسلک کرنے کے لیے ایک اضافی انٹری پوائنٹ اور رابطہ سڑک تعمیر کی جا رہی ہے۔ اس سہولت کی فراہمی سے شہریوں کو رانگ سائیڈ سے آنے کی ضرورت نہیں پڑے گی اور وہ آسانی کے ساتھ پہلوان گوٹھ کی جانب جا سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس رابطہ سڑک کی تعمیر سے علاقے میں آمدورفت مزید بہتر ہوگی، ٹریفک کی روانی میں بہتری آئے گی اور شہریوں کو اپنے مطلوبہ مقامات تک پہنچنے کے لیے متبادل راستہ میسر آئے گا۔ میئر کراچی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ اس منصوبے پر کام تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے تاکہ شہری جلد اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔میئر کراچی نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ کے ایم سی کے افسران اور ملازمین شہریوں کی مشکلات کم کرنے کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ چکور نالہ روڈ جیسے منصوبے اسی عزم کا اظہار ہیں کہ محدود وسائل کے باوجود شہریوں کے لیے زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے عوام کو ترقیاتی کاموں کے ذریعے ریلیف فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ شہر کے وسائل کسی فرد یا ادارے کی ذاتی ملکیت نہیں بلکہ کراچی کے عوام کی امانت ہیں، جنہیں شہریوں کی فلاح و بہبود کے لیے استعمال کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔گزشتہ روز پیش آنے والے واقعے پر گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایک افسر کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ افسوس ناک ہے، جس پر قانونی چارہ جوئی کی جا رہی ہے اور ایف آئی آر بھی درج کرائی جا چکی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری فرائض کی انجام دہی کے دوران افسران اور ملازمین کو ہراساں کرنا یا سرکاری امور میں مداخلت کرنا کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ جو عناصر شہریوں کی خدمت کرنے والے اداروں کے کام میں رکاوٹیں پیدا کریں گے، انہیں قانون کے مطابق جواب دہ ہونا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں قانونی کارروائی جاری رہے گی اور کسی کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔






