گلبائی روڈ کی تعمیر سے شہریوں کو سفری سہولیات میسر آئیں گی،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے گزشتہ روز گلبائی روڈ کے زیرِ تعمیر ترقیاتی منصوبے کا دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ گلبائی روڈ کی تعمیر و بہتری سے حب ریور روڈ، شیر شاہ اور سائٹ انڈسٹریل ایریا آنے اور جانے والے شہریوں کو آمدورفت کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی جبکہ صنعتی علاقوں کی رابطہ سڑکوں میں بھی نمایاں بہتری آئے گی،قبل ازیں میئر کراچی نے کلفٹن بلاک۔5 کی سڑک کی تعمیر کے کام کا بھی معائنہ کیا، انہوں نے بتایا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے ضلع وسطی میں سخی حسن قبرستان اور شادمان کے درمیان دو رویہ سڑک (ڈوئل کیریج وے) کی ازسرنو تعمیر کا کام بھی تیزی سے جاری ہے، جہاں سڑک بنانے سے قبل برساتی نالے کی ازسرنو تعمیر مکمل کی گئی ہے جبکہ سیوریج کی نئی لائنیں بھی بچھائی گئی ہیں تاکہ نکاسی آب کا نظام مؤثر رہے اور سڑک پائیدار ہو۔ انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ٹیم شہر بھر میں ترقیاتی کاموں کی رفتار برقرار رکھے ہوئے ہے، یہ وہی کے ایم سی ہے جس کے پاس ماضی میں ترقیاتی کاموں کے لیے فنڈز دستیاب نہیں تھے تاہم اب ادارہ شہر کی تعمیر و ترقی کے لیے عملی اقدامات کر رہا ہے اور اس کی کارکردگی زمین پر نظر آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے تمام اضلاع میں بلا تفریق ترقیاتی کام جاری ہیں اور شہریوں کو بہتر انفرااسٹرکچر، معیاری سڑکیں اور آمدورفت کی بہتر سہولیات فراہم کرنا کے ایم سی کی ترجیحات میں شامل ہے۔ میئر کراچی کا کہنا تھا کہ شہر کی ترقی کے لیے جاری منصوبوں کی تکمیل سے نہ صرف شہریوں کو سہولت ملے گی بلکہ صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ گلبائی روڈ کراچی کے اہم رابطہ راستوں میں شمار ہوتی ہے اور اس کی بہتری سے روزانہ اس شاہراہ کو استعمال کرنے والے ہزاروں شہریوں کو فائدہ پہنچے گا، بالخصوص صنعتی علاقوں میں کام کرنے والے ملازمین، ٹرانسپورٹرز اور کاروباری طبقے کے لیے آمدورفت مزید آسان بنانے میں یہ منصوبہ اہم کردار ادا کرے گا۔ میئر کراچی نے کہا کہ شہر کی سڑکوں اور بنیادی شہری انفرااسٹرکچر کی بہتری وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ بہتر سڑکیں نہ صرف سفر کو آسان بناتی ہیں بلکہ شہریوں کے قیمتی وقت اور وسائل کی بچت کا ذریعہ بھی بنتی ہیں، کے ایم سی شہر کے مختلف علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں پر کام کررہی ہے تاکہ شہریوں کو روزمرہ زندگی میں درپیش مسائل کا ازالہ کیا جا سکے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کراچی میں ترقیاتی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا اور تمام دستیاب وسائل کو شہریوں کی بہتری اور شہر کی تعمیر و ترقی کے لیے بروئے کار لایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کے ایم سی کی ٹیم پوری محنت اور لگن کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہی ہے اور کوشش ہے کہ جاری منصوبوں کو بہتر انداز میں آگے بڑھایا جائے تاکہ کراچی کے شہری ان کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔

جواب دیں

Back to top button