میئر کراچی نے پی آر سی پمپنگ اسٹیشن کی بحالی کے بعد افتتاح کردیا،30 سال بعد کیماڑی میں بلک واٹر سپلائی میں نمایاں بہتری

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت، منتخب نمائندے اور کارکن عوام سے کیے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے دن رات محنت کر رہے ہیں۔ کراچی کے شہریوں کو پانی، سیوریج، سڑکوں اور دیگر بنیادی بلدیاتی سہولیات کی فراہمی ہماری ذمہ داری اور فرض ہے، ہم شہریوں پر کوئی احسان نہیں کر رہے بلکہ اپنے شہر اور اپنے لوگوں کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہے ہیں۔ شہر کے وسائل شہر کی امانت ہیں اور ان وسائل کو کراچی کے شہریوں کی فلاح و بہبود اور بنیادی سہولیات کی فراہمی پر ہی خرچ کیا جائے گا۔ بعض لوگ دعویٰ کرتے ہیں کہ انہوں نے کراچی پر 300 ارب روپے خرچ کیے، اگر واقعی ماضی میں اتنی بڑی رقم شہر پر خرچ کی گئی ہوتی تو آج شہریوں کے بنیادی مسائل حل ہو چکے ہوتے۔ ہم سیاسی بیانات اور دعوؤں کے بجائے اپنے عملی کاموں کے ذریعے جواب دیں گے اور شہریوں کو دکھائیں گے کہ ان کے لیے کیا اقدامات کیے جا رہے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی آر سی ٹاور پمپنگ اسٹیشن کی بحالی کے منصوبے کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر تقریب میں کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے چیف آپریٹنگ آفیسر اسد اللہ خان، ٹاؤن چیئرمین ہمایوں خان، رکن صوبائی اسمبلی محمد آصف خان، سٹی کونسل میں پاکستان پیپلز پارٹی کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، یونین کونسل کے چیئرمین اسماعیل شاہ، پاکستان پیپلز پارٹی کے مقامی عہدیداران، منتخب نمائندوں، کارکنوں اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، میئر کراچی نے کہا کہ آج ہماری پمپنگ اسٹیشن پر موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنے وعدوں کی تکمیل کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ پیپلز پارٹی کا ایک ایک نمائندہ اور کارکن عوام کے درمیان رہ کر ان کے مسائل حل کرنے کے لیے کام کرتا ہے۔ پمپنگ اسٹیشن کی مشینری پرانی اور بوسیدہ ہو چکی تھی، تاہم مشینری بوسیدہ ہوئی ہے، پیپلز پارٹی کا جیالا بوسیدہ نہیں ہوا۔ جب ہمارے بزرگ عوام کی خدمت کے لیے کام کر رہے ہیں تو نوجوان پیچھے کیوں رہیں گے۔ ہم اس شہر اور اس کے شہریوں کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے کیونکہ یہ ہمارا شہر ہے اور یہ ہمارے لوگ ہیں،میئر کراچی نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل اس بات کا ثبوت ہے کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن اپنے مالی وسائل سے شہر کے بنیادی انفراسٹرکچر کو بہتر بنا رہی ہے۔ اس منصوبے کے لیے نہ وفاقی حکومت سے فنڈز مانگنے پڑے اور نہ ہی صوبائی حکومت پر انحصار کرنا پڑا بلکہ ادارے نے اپنی آمدنی کو بہتر انداز میں جمع کرکے شہریوں کی سہولت کے لیے استعمال کیا ہے۔ یہ پیسہ لندن، جنوبی افریقا، کینیڈا یا ہیوسٹن نہیں بھیجنا بلکہ اپنے شہر پر خرچ کرنا ہے۔ کراچی کے وسائل کراچی کے شہریوں کی امانت ہیں اور ان وسائل سے شہر کے دیرینہ مسائل حل کیے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ تین سال قبل واٹر بورڈ کی ماہانہ آمدنی تقریباً 90 کروڑ روپے تھی جو اب بڑھ کر 2 ارب 70 کروڑ روپے تک پہنچ چکی ہے۔ یہ اضافہ انتظامی بہتری، مؤثر وصولیوں اور ادارے کی قیادت میں تبدیلی کے بعد ممکن ہوا ہے۔ واٹر کارپوریشن کی آمدنی میں اضافے کے نتیجے میں اب 30 سے 40 سال پرانے منصوبوں کی بحالی اور اپ گریڈیشن پر کام کیا جا رہا ہے۔ اپنے وسائل سے حاصل ہونے والی آمدنی کو عوامی خدمت کے منصوبوں پر خرچ کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو بہتر پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کی سہولیات میسر آسکیں، میئر کراچی نے کہا کہ ماضی میں متعدد منصوبوں کے سنگ بنیاد رکھے گئے لیکن انہیں مکمل نہیں کیا گیا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور منتخب نمائندے ان نامکمل منصوبوں کو مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ نئے ترقیاتی منصوبوں پر بھی کام کر رہے ہیں۔ ماضی میں 1997 میں اس پمپنگ اسٹیشن کا کام کرایا تھا، لیکن اس کے بعد پمپس اور مشینری پر توجہ نہیں دی گئی اور وقت گزرنے کے ساتھ مشینری پرانی اور بوسیدہ ہوتی چلی گئی۔ آج ہم اس انفراسٹرکچر کو دوبارہ فعال اور بہتر بنانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ لالہ حبیب کو میں نے 30 سال پہلے بھی دیکھا تھا اور آج بھی وہ ویسے ہی دکھائی دیتے ہیں۔ جب ہمارے بزرگ آج بھی عوامی خدمت کے لیے موجود ہیں تو نوجوانوں کو بھی ان کے ساتھ مل کر شہر کی بہتری کے لیے کام کرنا چاہیے، میئر کراچی نے کہا کہ ماضی میں سرکلر کے ذریعے شہر کے مختلف علاقوں کو پانی فراہم کیا جاتا تھا، تاہم ایک افسر نے فیصلہ کیا کہ اسٹیل ٹاؤن اور گلشن حدید کو پانی فراہم نہیں کیا جائے گا۔ اس فیصلے کے باعث وہاں کے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ہم نے اس معاملے پر وفاقی حکومت سے بھی تعاون کی درخواست کی اور قومی اسمبلی کے ان اراکین کے شکر گزار ہیں جنہوں نے گلشن حدید کے عوام کا مقدمہ وفاق کے سامنے اٹھایا، لیکن وفاقی حکومت کے نمائندے اس معاملے پر کوئی پیش رفت نہ کر سکے۔ بالآخر ہمیں خود فیصلہ کرنا پڑا اور اپنے وسائل سے پانی کی فراہمی کا منصوبہ مکمل کیا۔انہوں نے کہا کہ گلشن حدید اور اسٹیل ٹاؤن کے عوام کو پانی کی فراہمی کے لیے 50 کروڑ روپے کی لاگت سے اسکیم مکمل کی گئی ہے، جس کے ذریعے روزانہ 50 لاکھ گیلن پانی کی مخصوص فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے فنڈز فراہم نہیں کیے گئے تو ہم نے اپنے وسائل سے یہ منصوبہ مکمل کیا۔ آج گلشن حدید اور اسٹیل ٹاؤن کے شہریوں کو پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ موجودہ انتظامیہ نے عملی اقدامات کرکے دکھائے ہیں اور عوام سے کیے گئے وعدوں کو پورا کیا ہے۔میئر کراچی نے کہا کہ منگھوپیر، مومن آباد اور محمود آباد کے پمپنگ اسٹیشنز پر بھی کام جاری ہے، جبکہ گلشن ٹاؤن میں واقع ایل ایس آر پمپنگ اسٹیشن کی بہتری کے لیے بھی اقدامات کیے گئے ہیں۔ اس پمپنگ اسٹیشن سے شہر کی بڑی آبادی کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔ ماضی میں پمپنگ اسٹیشنز کی بہتری اور پمپس کی اپ گریڈیشن پر توجہ نہیں دی گئی، جس کے باعث شہریوں کو پانی کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اب ان تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ لیاری کے عوام کو پانی کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے ایک کروڑ گیلن یومیہ کی گنجائش رکھنے والی ایلیویٹڈ واٹر لائن کا کام مکمل کر لیا گیا ہے اور اس وقت اس کی ٹیسٹنگ جاری ہے۔ ماضی میں اس لائن سے فراہم کیے جانے والے پانی کی چوری ہو رہی تھی، جس کے باعث عام شہریوں تک پانی نہیں پہنچ پاتا تھا۔ ایلیویٹڈ واٹر لائن کی تکمیل کا مقصد پانی کی چوری روکنا اور لیاری کے شہریوں تک ان کا جائز حق پہنچانا ہے۔ ان شاء اللہ رواں ماہ اس منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کیا جائے گا۔میئر کراچی نے مچھر کالونی کے حوالے سے کہا کہ وہاں اردو، پنجابی اور بنگالی بولنے والے تمام افراد پاکستان پیپلز پارٹی کے ایک نظریے اور منشور کے تحت عوامی خدمت کے لیے کام کر رہے ہیں۔ مچھر کالونی کی دو یونین کونسلز کو پانی فراہم کرنے کے لیے نئے واٹر پمپ اور آر او پلانٹ کی تنصیب کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس منصوبے کی ٹینڈرنگ کا عمل آئندہ چند روز میں شروع کر دیا جائے گا۔ ہمیں امید ہے کہ اس منصوبے کی تکمیل سے مچھر کالونی اور ملحقہ آبادیوں کے عوام کے پانی کے دیرینہ مسائل حل کرنے میں کامیابی حاصل ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ پانی کی فراہمی بہتر بنانے کے بعد پانی چوری کے خلاف کارروائیاں بھی شروع کی گئی ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے ایک کارکن نے پانی چوری کی نشاندہی کی اور اسے روکنے کی کوشش کی۔ میں نے متعلقہ سیکیورٹی ٹیم اور اینٹی تھیفٹ سیل کو ہدایت کی ہے کہ جہاں کہیں پانی چوری کی نشاندہی ہو وہاں فوری کارروائی کی جائے اور پانی چوری میں ملوث افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی جائے۔ پانی شہریوں کا بنیادی حق ہے اور کسی کو یہ حق نہیں دیا جا سکتا کہ وہ غیر قانونی طریقے سے پانی چوری کرکے عام شہریوں کو ان کے حق سے محروم کرے۔ میئر کراچی نے کہا کہ مچھر کالونی سمیت کراچی کے ساحلی علاقوں میں بڑی تعداد میں ماہی گیر آباد ہیں، لیکن ماضی میں ان علاقوں میں سیوریج ٹریٹمنٹ اور گندے پانی کی صفائی کے لیے خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے گئے۔ سیوریج کے گندے پانی کو بغیر ٹریٹمنٹ سمندر میں چھوڑنے کے بجائے اسے صاف کرکے دوبارہ قابل استعمال بنانے کے منصوبوں پر کام شروع کیا گیا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے اس اہم مسئلے کو ترجیح دی ہے اور سیوریج کے پانی کی ٹریٹمنٹ اور ری سائیکلنگ کے منصوبوں پر عملی کام کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ 35 ایم جی ڈی کے پہلے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کا افتتاح چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کر چکے ہیں، جبکہ مزید ٹریٹمنٹ کی گنجائش بڑھانے کے لیے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ مزید 35 ایم جی ڈی کی گنجائش کا پلانٹ جنوری اور فروری 2027 میں مکمل کرنے کا ہدف ہے، جبکہ مزید 65 ایم جی ڈی کی ٹریٹمنٹ صلاحیت کے منصوبوں پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔ ان منصوبوں کی تکمیل کے بعد شہر میں سیوریج کے پانی کو ٹریٹ کرنے کی مجموعی صلاحیت 100 ایم جی ڈی تک پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ وفاقی حکومت نے پورے پاکستان میں اس نوعیت کا ایسا منصوبہ نہیں بنایا، لیکن ہم نے کراچی کے لیے یہ منصوبے شروع کرکے دکھائے ہیں۔میئر کراچی نے بتایا کہ ماڑی پور میں 28 ایم جی ڈی کا سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ فعال کر دیا گیا ہے۔ ماڑی پور ٹاؤن کے دور دراز علاقوں تک پانی کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے منتخب نمائندوں کے ساتھ مل کر آر او پلانٹس کی تنصیب اور دیگر انتظامات پر کام کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت میں کراچی کے تمام سات اضلاع میں بلا تفریق ترقیاتی کام جاری ہیں۔ ہماری ترجیح کسی ایک علاقے یا مخصوص آبادی کو ترقی دینا نہیں بلکہ پورے شہر کے شہریوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ شہر کے تمام علاقوں کے مسائل ہمارے لیے اہم ہیں اور کسی بھی علاقے کے عوام کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔ کراچی ایک کثیرالثقافتی شہر ہے جہاں مہاجر، پشتون، سندھی، بلوچ اور دیگر زبانیں بولنے والے افراد کے ساتھ ساتھ مختلف مذاہب اور برادریوں سے تعلق رکھنے والے شہری آباد ہیں۔ ہم کراچی کو رونقوں اور خوشیوں سے بھرا ہوا شہر بنانا چاہتے ہیں جہاں ہر شہری کو امن، برداشت، رواداری اور بھائی چارے کا ماحول میسر ہو۔میئر کراچی نے کہا کہ کراچی کو ماضی کے مشکل حالات سے نکالنے کے لیے بڑی محنت، جدوجہد اور قربانیاں دی گئی ہیں۔ ہم مذہب، زبان اور لسانیت کے نام پر بھتہ خوری اور ہڑتالوں کے دور کو دوبارہ واپس نہیں آنے دیں گے۔ ہمیں ایسا کراچی چاہیے جہاں رات ساڑھے دس بجے کا مطلب ساڑھے دس بجے ہی ہو، جہاں شہری بلا خوف و خطر اپنی کاروباری، سماجی اور تفریحی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں۔ شہر میں امن اور برداشت کا ماحول برقرار رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں کراچی کے میئر ہندو اور پارسی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد بھی رہ چکے ہیں، جو اس شہر کی رواداری اور مختلف ثقافتوں کے احترام کی بہترین مثال ہے۔ تفریق، تعصب اور لسانی تقسیم نے کراچی کو نقصان پہنچایا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی شہر کو دوبارہ ماضی کے ان حالات میں واپس نہیں جانے دے گی۔ ہماری کوشش ہے کہ کراچی میں تمام برادریوں کو یکساں مواقع فراہم کیے جائیں اور شہریوں کو بلا امتیاز بنیادی سہولیات میسر ہوں۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں ترقیاتی منصوبوں کے تحت 139 سڑکوں کی تعمیر و بحالی کا کام نومبر میں شروع کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا اور اس وعدے کے مطابق کام شروع ہو چکا ہے۔ تقریباً 13 ارب روپے کی لاگت سے شہر کی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ ان منصوبوں کے تحت صرف سڑکیں تعمیر نہیں کی جا رہیں بلکہ نکاسی آب اور ڈرینیج کے نظام کو بھی بہتر بنایا جا رہا ہے تاکہ بارشوں اور دیگر اوقات میں شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ان منصوبوں کا بنیادی مقصد شہریوں کو بہتر سفری سہولیات اور معیاری شہری انفراسٹرکچر فراہم کرنا ہے۔میئر کراچی نے کہا کہ آج ترقیاتی اجلاس کے بعد ان مقامات کا دورہ بھی کروں گا جہاں ترقیاتی کام جاری ہیں تاکہ منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا جا سکے۔ ہماری کوشش ہے کہ تمام منصوبے مقررہ وقت پر مکمل ہوں اور شہریوں کو ان کے ثمرات جلد پہنچیں۔ ماضی کے بعض انتظامی مسائل اور رکاوٹوں کے باوجود ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری رکھا گیا ہے۔ ہم باتوں کے بجائے اپنے کام کے ذریعے جواب دیں گے اور شہریوں کو دکھائیں گے کہ کراچی کے لیے کیا کچھ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے صوبے میں مقامی حکومت کا نظام موجود ہے اور دستیاب وسائل کے ذریعے عوام کی خدمت کی جا رہی ہے، جبکہ بعض دوسرے صوبوں میں خود کو مقامی حکومت کے نظام کا چیمپئن قرار دینے والوں کے ہاں یہ نظام موجود نہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری رہے گا اور کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے مکمل کیے جائیں گے۔میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی پاکستان کا گیٹ وے اور ملکی معیشت کا اہم مرکز ہے۔ کراچی کی ترقی اور بہتری پورے پاکستان کی ترقی سے جڑی ہوئی ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ کراچی کو ایک ترقی یافتہ، پُرامن، خوشحال اور جدید شہر بنایا جائے جہاں ہر شہری کو پانی، سیوریج، سڑکوں، صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات کے ساتھ مساوی مواقع اور بہتر معیار زندگی میسر ہو۔ ہم کام کرکے دکھائیں گے اور کراچی کے لیے آنے والا وقت خوشحالی کا ہوگا۔ دعا ہے کہ آنے والا وقت سندھ اور پورے پاکستان کے لیے بھی بہتر ثابت ہو۔پی آر سی ٹاور واٹر پمپنگ اسٹیشن کی بحالی کے حوالے سے میئر کراچی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے تحت ماری پور ٹاؤن، ضلع کیماڑی میں واقع پی آر سی ٹاور واٹر پمپنگ اسٹیشن کی ہنگامی بنیادوں پر بحالی کا کام مکمل کیا گیا ہے۔ پمپنگ اسٹیشن میں نصب پرانے پمپنگ یونٹس میں دو ڈی ڈبلیو ٹی پمپس بی/14 اور ڈی/4 (150 ہارس پاور) تقریباً 29 سال پرانے تھے، جبکہ دو ڈی ڈبلیو ٹی پمپس بی/12 اور بی/4 (60 ہارس پاور) بھی نصب تھے۔ پرانی مشینری کے باعث پانی کی فراہمی محدود ہو کر روزانہ تقریباً پانچ گھنٹے رہ گئی تھی اور اس دوران صرف 0.9 ملین گیلن یومیہ پانی فراہم کیا جا رہا تھا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ پمپنگ اسٹیشن کی بحالی کے منصوبے کے تحت تین نئے ڈی ڈبلیو ٹی پمپس ٹائپ بی/12، ڈی/3 (120 ہارس پاور) اور دو ڈی ڈبلیو ٹی پمپس ٹائپ بی/12، بی/4 (60 ہارس پاور) نصب کیے گئے ہیں۔ نئے پمپس کی تنصیب کے بعد پانی کی فراہمی کا دورانیہ پانچ گھنٹے سے بڑھا کر روزانہ سات گھنٹے کر دیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں پانی کی فراہمی 0.9 ایم جی ڈی سے بڑھ کر 1.512 ایم جی ڈی تک پہنچ گئی ہے۔ اس طرح پانی کی فراہمی میں 0.612 ایم جی ڈی کا اضافہ ہوا ہے۔مزید بتایا گیا کہ پمپنگ اسٹیشن کی بجلی کی فراہمی اور مشینری کو بہتر بنانے کے لیے پانچ نئے ایل ٹی الیکٹرک پینلز نصب کیے گئے ہیں، جبکہ مین اور سب مین کیبلز بھی تبدیل اور نصب کی گئی ہیں۔ سول ورک کے تحت پینل روم اور اسٹاف روم کی تعمیر و بہتری، پورے پمپ ہاؤس کے فرش پر پیور بلاکس کی تنصیب، باؤنڈری وال کی مرمت اور پلستر، پمپ ہاؤس کی مکمل تزئین و آرائش اور روشنی کے مناسب انتظامات بھی مکمل کیے گئے ہیں۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ پی آر سی ٹاور واٹر پمپنگ اسٹیشن کی بحالی سے کیماڑی ٹاؤن کے مختلف علاقوں، جن میں بدر گراؤنڈ، اوکھائی کالونی، کچھی پاڑہ، جامع مسجد، جیکسن مارکیٹ اور لالہ زار شامل ہیں، میں پانی کی فراہمی بہتر ہوگی۔ اس کے علاوہ کھارادر کے پنجاب کلب، کسٹم ہاؤس ایریا، شپ یارڈ ایریا اور ڈاک یارڈ ایریا جبکہ لیاری ٹاؤن کے پیپلز پلے گراؤنڈ کے اطراف کے علاقوں کو بھی اس منصوبے سے فائدہ پہنچے گا۔ منصوبے کی تکمیل سے ان تمام علاقوں کے تقریباً تین لاکھ شہریوں کو بہتر پانی کی فراہمی کی سہولت میسر آئے گی۔

جواب دیں

Back to top button