پنجاب افورڈایبل ہاؤسنگ پروگرام کے تحت ورلڈ بینک اور افورڈایبل ہاؤسنگ ٹیم کے وفد نے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت ٹھوکر نیاز بیگ اور کاہنہ میں تعمیر کیے گئے مکانات کا دورہ کیا۔ وفد نے گھروں کی تعمیر سے مستفید ہونے والے خاندانوں سے ملاقاتیں کیں اور پروگرام کے حوالے سے ان کے تاثرات اور تجربات دریافت کیے۔مستفید خاندانوں نے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کو شفاف اور عوام دوست اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام نے ان کے اپنے گھر کے خواب کو حقیقت میں بدل دیا ہے۔ خاندانوں نے قرضوں کی سو فیصد واپسی کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا شکریہ بھی ادا کیا۔
صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے ورلڈ بینک کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ بلاسود قرضوں کی فراہمی پر مبنی اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے ماڈل کو عالمی سطح پر پذیرائی حاصل ہونا پنجاب حکومت کی کامیاب پالیسیوں کا اعتراف ہے۔ پروگرام کے تحت پاکستان کو ملنے والا سکرول آف آنر ایوارڈ پورے ملک کے لیے باعث اعزاز ہے۔انہوں نے کہا کہ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت اب تک 2 لاکھ 27 ہزار سے زائد خاندانوں میں 301 ارب روپے کے بلاسود قرضے تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ قرضوں کی واپسی کی مد میں اب تک ساڑھے 22 ارب روپے سے زائد کی رقم اقساط کی صورت میں جمع کروائی جا چکی ہے۔ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے لیے درخواستیں جمع کروانے والوں کی تعداد 15 لاکھ 96 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ عوام کا بڑھتا ہوا اعتماد اس پروگرام کی افادیت، شفافیت اور کامیابی کا واضح ثبوت ہے۔صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت عام آدمی کو اپنی چھت فراہم کرنے کے مشن پر عمل پیرا ہے۔ مستحق خاندانوں کو باعزت رہائش کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔






