*بلدیہ عظمیٰ کراچی میں جاری ترقیاتی اسکیموں میں ردوبدل پر مکمل پابندی عائد*

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بلدیہ عظمیٰ کراچی میں جاری ترقیاتی اسکیموں میں ردوبدل پر مکمل پابندی عائد کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے اور غیر ضروری تاخیر سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے سست روی سے کام کرنے اور غیر معیاری تعمیراتی سامان استعمال کرنے کی شکایات کا سامنا کرنے والے ٹھیکیداروں کے خلاف سخت کارروائی کا بھی حکم دیا ہے۔یہ ہدایات کے ایم سی ہیڈ آفس میں محکمہ انجینئرنگ کے ایک اہم اجلاس کے دوران جاری کی گئیں، جس میں شہر کی 26 اہم شاہراہوں سمیت مختلف ترقیاتی اسکیموں اور شہر کی مرکزی شاہراہوں کو آپس میں ملانے والی 140 سڑکوں پر جاری کاموں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں میونسپل کمشنر ابرار جعفر، فنانس ایڈوائزر گلزار ابڑو، ڈائریکٹر میڈیا دانیال سیال اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز طارق مغل نے میئر کراچی کو ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت، ان پر عمل درآمد اور تکمیل کی مقررہ مدت کے حوالے سے بریفنگ دی۔میئر کراچی نے ترقیاتی کاموں میں تاخیر اور تعمیراتی معیار سے متعلق شہریوں کی شکایات پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے میونسپل کمشنر ابرار جعفر کو ہدایت کی کہ ٹھیکیداروں کے خلاف موصول ہونے والی شکایات کی جامع تحقیقات کرکے سات روز کے اندر تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر اور غیر معیاری تعمیراتی سامان کا استعمال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ٹھیکیدار اس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام تعمیراتی کام منظور شدہ ڈیزائن، مقررہ معیار اور طے شدہ مدت کے مطابق مکمل کیے جائیں۔میئر کراچی نے کہا کہ ترقیاتی کام منظور شدہ شیڈول اور معیار کے مطابق آگے بڑھنے چاہئیں۔ یہ کسی صورت قابل قبول نہیں کہ منصوبے تاخیر کا شکار ہوں یا ان میں غیر معیاری سامان استعمال کیا جائے۔ عوام کے ٹیکس کا پیسہ ذمہ داری کے ساتھ خرچ ہونا چاہیے اور ہر منصوبے سے شہریوں کو وہی معیار اور سہولیات ملنی چاہئیں جن کا وعدہ کیا گیا ہے۔میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے محکمہ انجینئرنگ کو تمام اہم شاہراہوں پر کام کی رفتار تیز کرنے اور شہر کی مرکزی شاہراہوں کو ملانے والی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کا کام مزید تاخیر کے بغیر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے جاری بیشتر ترقیاتی اسکیموں کی تکمیل کے لیے 15 روز کی ڈیڈ لائن مقرر کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ منصوبوں کی پیش رفت میں حائل تمام انتظامی اور عملی رکاوٹیں فوری دور کی جائیں۔شہریوں کو درپیش مشکلات کے حوالے سے میئر کراچی نے کہا کہ ترقیاتی منصوبے شہریوں کے لیے پریشانی کا باعث نہیں بننے چاہئیں۔ کراچی کے شہریوں نے شہر کی ترقی کے منصوبوں سے بہت سی توقعات وابستہ کر رکھی ہیں اور انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ ان توقعات کو شہر کے بنیادی ڈھانچے میں نمایاں بہتری کی صورت میں پورا کرے۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی اسکیموں کا مقصد شہریوں کو سہولت فراہم کرنا اور شہر کے انفرااسٹرکچر کو بہتر بنانا ہے۔ ہم غیر ضروری تاخیر اور بار بار منصوبوں میں ردوبدل کے ذریعے اس مقصد کو متاثر نہیں ہونے دے سکتے۔ میں خود شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کر رہا ہوں اور شہری ہم سے توقعات وابستہ کیے ہوئے ہیں۔ ہمیں کراچی کے عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرتے ہوئے ترقیاتی کاموں کے ٹھوس نتائج فراہم کرنا ہوں گے۔میئر کراچی نے مزید کہا کہ اگر کسی منصوبے میں اضافی کام کی ضرورت پیش آئے تو جاری اسکیم میں تبدیلی کرنے کے بجائے اس کے لیے علیحدہ اسکیم تیار کی جائے۔ ہر ترقیاتی منصوبے کو اس کے منظور شدہ دائرہ کار اور مقررہ مدت کے مطابق مکمل کیا جائے۔ میں چاہتا ہوں کہ دسمبر کے اختتام تک یہ تمام ترقیاتی منصوبے مکمل ہوجائیں کیونکہ ہم کراچی کے عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل کے لیے پرعزم ہیں۔

جواب دیں

Back to top button