میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے لئے ضلع کیماڑی کا دورہ

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے لیے ضلع کیماڑی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے توری بنگش روڈ اور زیرِ تعمیر مرزا آدم خان روڈ پر جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسران سے منصوبوں کی پیش رفت، معیار اور تکمیل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔

اس موقع پر میئر کراچی نے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی کہ دونوں ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو آمدورفت کی بہتر سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی کی شہری حکومت پورے شہر میں بلا تفریق ترقیاتی کام کر رہی ہے، گزشتہ روز ضلع وسطی میں تھا اور آج ضلع کیماڑی میں موجود ہوں، ہمارا مقصد شہر کے ہر ضلع اور ہر علاقے میں یکساں بنیادوں پر ترقیاتی کاموں کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ توری بنگش روڈ شہر کی اہم شاہراہوں میں شمار ہوتی ہے اور ہم نے اس کی بحالی کا وعدہ پورا کیا ہے، سڑک کی بحالی کا کام آخری مراحل میں داخل ہوچکا ہے اور رواں ماہ کے اختتام پر اسے ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا۔ میئر کراچی نے کہا کہ ماضی میں شہری حکومت کے حکمران لوگوں اور علاقوں کو تقسیم کرنے کی سیاست کرتے تھے، لیکن اب وہ وقت گزر چکا ہے، ہمارا کام شہر اور اس کے لوگوں کو جوڑنا ہے، ہم فاصلے کم کرنے اور شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے تمام علاقوں کی یکساں ترقی ہماری ترجیحات میں شامل ہے اور شہری حکومت اس مقصد کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ مرزا آدم خان روڈ کے دورے کے موقع پر میئر کراچی نے ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا اور افسران کو ہدایت کی کہ رواں ماہ ہی اس ترقیاتی اسکیم کو مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ اور آمدورفت میں آسانی پیدا ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ مرزا آدم خان روڈ کی بحالی کا کام جلد مکمل کرلیا جائے گا، اس حوالے سے متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے مخالفین فائیو اسٹار ہوٹلوں میں بیٹھ کر صرف تنقید ہی کرسکتے ہیں، عملی کام کرنا ان کے بس کی بات نہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی خدمت ہماری ذمہ داری ہے، چھٹی ہو یا کام کا دن، عوامی خدمت کا مشن جاری رکھیں گے۔ میئر کراچی نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کی حقیقی ترجمانی صرف چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری ہی کرسکتے ہیں، ہماری سیاست کا محور عوام کی خدمت اور شہر کی ترقی ہے۔

جواب دیں

Back to top button