ڈی سی لاہور کیپٹن ریٹائرڈ محمد علی اعجاز کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کا جائزہ اجلاس

صوبائی دارالحکومت لاہور میں خصوصی انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں پہلا کیچ اپ روز انتہائی فعال انداز میں جاری رہا، جس کے تحت انتظامی امور اور فیلڈ کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز عبداللہ خان، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر آصف ارباب خان، تمام اسسٹنٹ کمشنرز، بین الاقوامی مبصرین اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران (ڈی ڈی ایچ اوز) نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر آصف ارباب خان نے ڈسٹرکٹ انتظامیہ کو مہم کے پہلے پانچ دنوں کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ بتایا گیا کہ مہم کے ابتدائی پانچ روز کے دوران مجموعی طور پر 2,153,020 بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔ اس کے علاوہ پولیو ٹیموں نے فیلڈ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 1,499,695 گھرانوں تک اپنی رسائی مکمل کی ہے اور ہدف کے مطابق گھر گھر جا کر بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے ہیں۔کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پانچ سال تک کے عمر کے ہر ایک بچے کی سو فیصد کوریج کو ہ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ نومولود بچوں اور انکاری خاندانوں کے بچوں تک رسائی انتہائی اہمیت کی حامل ہے، اس لیے انکاری والدین کو بہتر آگاہی فراہم کر کے قطرے پلانا یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو واضح کیا کہ وہ پولیو مہم کے دوران فیلڈ میں موجود رہیں اور کسی بھی قسم کے انتظامی یا ضلعی مسئلے کو فوری طور پر حل کریں تاکہ مہم کی رفتار میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔ڈپٹی کمشنر لاہور نے اس بات پر زور دیا کہ انسداد پولیو مہم کے لیے تمام تر ضروری وسائل اور سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر بچے کو پولیو کے موذی مرض سے محفوظ بنانا ہمارا سب کا قومی فریضہ ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ انسداد پولیو ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ لاہور کو مکمل طور پر پولیو سے پاک رکھا جا سکے۔

جواب دیں

Back to top button