تین دنوں میں 9 لاکھ گھرانوں تک رسائی حاصل کر کے 13 لاکھ 40 ہزار بچوں کو قطرے پلائے گئے،ڈی سی لاہور

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے پولیو سے پاک پنجاب وژن کے تحت ایڈمنسٹریٹر و ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے ڈی سی آفس میں جاری خصوصیات پر مبنی ہفت روزہ انسدادِ پولیو مہم کے پہلے 3 دنوں کی کارکردگی اور فیلڈ رفت کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عبداللہ خان، چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ہیلتھ ڈاکٹر آصف ارباب خان، تمام اسسٹنٹ کمشنرز (اے سیز)، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران (ڈی ڈی ایچ اوز) اور بین الاقوامی مبصرین نے شرکت کی۔ اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر آصف ارباب خان نے مہم کے 3 روزہ نتائج پر اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پولیو ٹیموں نے مجموعی طور پر 9 لاکھ گھرانوں تک رسائی حاصل کر کے 13 لاکھ 40 ہزار بچوں کو کامیابی کے ساتھ پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ موثر انتظامی تحرک کے باعث 687 انکاری کیسز کو کامیابی سے کور کیا گیا ہے جبکہ گھروں پر غیر موجود بچوں میں سے 1 لاکھ 71 ہزار بچوں کی ویکسینیشن بھی مکمل کر لی گئی ہے۔ مہم کی کامیابی اور سو فیصد ہدف کے حصول کے لیے پانچ واضح ہدایات جاری کی گئیں جن میں 5 سال تک کے ہر ایک بچے کو پولیو قطرے پلانا ہر صورت یقینی بنانے، تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو فیلڈ میں پیش آنے والے درپیش مسائل خود موقع پر حل کرنے، غیر موجود اور انکاری کیسز کی مسلسل فالو اپ کوریج جاری رکھنے، بین الاقوامی مبصرین کی تجاویز پر من وعن عملدرآمد یقینی بنانے، اور شہر کی تمام یونین کونسلوں میں کوئی بھی مستحق بچہ قطرے پینے سے محروم نہ رہنے دینے کے احکامات شامل ہیں۔ اپنے بیانات میں ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے کہا کہ انسدادِ پولیو کا خاتمہ ہماری قومی اور اخلاقی ذمہ داری ہے اور ہر 5 سال تک کے بچے کی کوریج انتظامی طور پر لازمی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ لاہور کو پولیو فری بنانا ہمارا بنیادی مقصد ہے اور فیلڈ فورس کو ہر بچے تک رسائی یقینی بنانی ہوگی۔ ضلعی انتظامیہ کا یہ تحرک شہر کے بچوں کو معذوری سے محفوظ بنانے کے لیے جاری کوششوں کا واضح ثبوت ہے۔

جواب دیں

Back to top button