میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شہر کی 140 سڑکوں کی بہتری اور بحالی کے منصوبے کے تحت مولانا عبید اللہ سندھی روڈ سے جمالی پل (سپر ہائی وے) تا ایوب گوٹھ (لیاری ندی) تک سڑک کی بحالی کے اہم منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔یہ منصوبہ ضلع شرقی کے علاقے گلزارِ ہجری، اسکیم 33، سہراب گوٹھ ٹاؤن میں پیکیج 06 کے تحت شروع کیا جا رہا ہے، اس موقع پرڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، کے ایم سی سٹی کونسل میں پاکستان پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، ٹاؤن چیئرمین سہراب گوٹھ لالا عبدالرحیم، منتخب یوسی چیئرمین اور دیگر بلدیاتی نمائندے بھی موجود تھے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سہراب گوٹھ کے علاقے میں قیام پاکستان سے اب تک ترقیاتی کاموں پر مناسب توجہ نہیں دی گئی، یہاں کی سڑکیں انتہائی خراب حالت میں تھیں اور بعض مقامات پر سڑک کا وجود بھی مشکل سے دکھائی دیتا تھا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے کراچی کی ترقی اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کا جو وعدہ کیا ہے اسے عملی شکل دی جا رہی ہے۔ رواں سال بلدیہ عظمیٰ کراچی شہر میں تقریباً 68 ارب روپے کے ترقیاتی کام کرائے گی، جنہیں میئر کراچی، ڈپٹی میئر، ٹاؤن چیئرمین اور یوسی چیئرمین مل کر مکمل کرائیں گے، انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ جون میں بلدیاتی مدت کے اختتام تک تمام جاری ترقیاتی منصوبے تکمیل کے مراحل میں ہوں۔ سہراب گوٹھ کے عوام کو پانی کی فراہمی کے مسئلے کے حل کے لیے درکار کنکشن کی اجازت بھی دے دی گئی ہے اور آئندہ دو روز کے اندر یہ کنکشن فراہم کردیا جائے گا تاکہ علاقے کے مکینوں کو پانی کی سہولت میسر آسکے، میئر کراچی نے کہا کہ مولانا عبید اللہ سندھی روڈ سے جمالی پل (سپر ہائی وے) تا ایوب گوٹھ (لیاری ندی) سڑک کی بحالی علاقے کے لیے ایک اہم منصوبہ ہے۔ اس سڑک کی تعمیر و بحالی سے مقامی آبادی کو آمدورفت میں سہولت ملے گی۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں طویل عرصے سے موجود مسائل حل کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے، میئر کراچی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ مجموعی طور پر چار ترقیاتی اسکیمیں شامل ہیں، جن میں میر زمان خان روڈ سے عرفان مسعود روڈ تا معمار ایونیو روڈ (ڈوئل کیرج وے)کی بہتری اور بحالی، مولانا عبید اللہ سندھی روڈ سے جمالی پل (سپر ہائی وے) تا ایوب گوٹھ (لیاری ندی) سڑک کی بہتری اور بحالی، معمار ایونیو روڈ سے سپر ہائی وے تا لیاری ندی (ڈوئل کیرج وے) سہراب گوٹھ تک کے پیچ ورک کی مرمت و دیکھ بھال اور ڈاکٹر نشاط ملک روڈ کی ضیاء الحق کالونی کے راستے گلشن ٹاؤن میں بہتری اور بحالی شامل ہیں، منصوبے کی مجموعی لاگت 418.616 ملین روپے ہے، پیکیج کے تحت 596,200 مربع فٹ رقبے پر اسفالٹ/کارپٹ کا کام، 111,600 مربع فٹ پر پیور بلاکس کی تنصیب، 24 انچ اور 12 انچ قطر کی سیوریج لائنوں کے لیے مجموعی طور پر 5,464 رننگ فٹ پائپ بچھانے اور 10,800 رننگ فٹ کرب اسٹونز لگانے کا کام شامل ہے۔میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی ہم سب کا شہر ہے، یہ اردو بولنے والوں، پشتو بولنے والوں، سندھیوں اور بلوچوں سمیت تمام شہریوں کا مشترکہ شہر ہے۔ ہماری پالیسی بلا تفریق ترقیاتی کام کرانا ہے تاکہ ہر علاقے کے شہریوں کو یکساں سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں میں مشکلات اور رکاوٹیں ضرور آتی ہیں لیکن ہماری توجہ ان مشکلات کو دور کرکے منصوبوں کو مکمل کرنے پر ہے۔ گزشتہ چھ سے آٹھ ماہ کے دوران شہر میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی کام شروع کیے گئے ہیں اور ان کے نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں، میئر کراچی نے کہا کہ سہراب گوٹھ فلائی اوور کے منصوبے کی اصولی منظوری دی جا چکی ہے اور اس وقت اس کی تکنیکی اسٹڈی جاری ہے۔ یہ فلائی اوور ابوالحسن اصفہانی روڈ کی جانب تعمیر کیا جائے گا اور اس منصوبے کو ایف ڈبلیو او کے ذریعے مکمل کرانے کی تجویز ہے۔ تکنیکی فزیبلٹی مکمل ہونے کے بعد اس پر مزید پیشرفت کی جائے گی تاکہ علاقے کے عوام کو درپیش دیرینہ ٹریفک مسائل حل ہوسکیں، انہوں نے علاقے میں اسپتال کی ضرورت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سہراب گوٹھ، صفورا اور گلشن معمار کے مکینوں کو طبی سہولیات کی فراہمی بھی ضروری ہے۔ اس مقصد کے لیے علاقے میں موزوں زمین تلاش کی جائے گی تاکہ ایسا منصوبہ شروع کیا جاسکے جس کے ذریعے شہریوں کو بنیادی اور ہنگامی طبی سہولیات ان کے قریب میسر آسکیں، میئر کراچی نے کہا کہ شہر کی ترقی کے لیے وفاقی حکومت کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہیے کیونکہ کراچی ملک کی معیشت میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور اس شہر کے مسائل کے حل کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ مالی مشکلات کے باوجود بلدیہ عظمیٰ کراچی اپنے وسائل شہر کی بہتری پر خرچ کرتی رہے گی۔ وفاقی حکومت کو بھی کراچی کے لیے اضافی وسائل فراہم کرنے چاہئیں تاکہ ترقیاتی منصوبوں کی رفتار متاثر نہ ہو، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور معیار کو یقینی بنانا ضروری ہے۔ ہر منصوبے پر خرچ ہونے والی رقم اور اس کے تحت ہونے والے کام کی تفصیلات واضح ہونی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں ترقیاتی کاموں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو پائیدار سہولیات فراہم کی جاسکیں، میئر کراچی نے کہا کہ کراچی کے عوام نے طویل عرصے تک مختلف مسائل کا سامنا کیا ہے، اب ہماری ذمہ داری ہے کہ انہیں عملی ریلیف فراہم کریں۔ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تحت سڑکوں کی تعمیر و بحالی، پانی کی فراہمی اور دیگر بنیادی سہولیات کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ ہم مشکلات کا ذکر کرنے کے بجائے کام کرکے دکھانے پر یقین رکھتے ہیں اور جون میں تمام متعلقہ نمائندوں کی کارکردگی کا جائزہ بھی لیا جائے گا کہ کس نے عوام سے کیے گئے وعدوں کو کس حد تک پورا کیا۔بعدازاں میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے سہراب گوٹھ کے علاقے کوئٹہ ٹاؤن میں نئے فیملی پارک کا بھی افتتاح کیا، میئر کراچی نے کہا کہ کوئٹہ ٹاؤن کے عوام کا یہ دیرینہ مطالبہ تھا جسے بلدیہ عظمیٰ کراچی نے پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت میں عملی جامہ پہنایا ہے،انہوں نے کہا کہ شہریوں کو بہتر تفریحی سہولیات کی فراہمی اور صحت مند ماحول کی فراہمی بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ترجیحات میں شامل ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت میں شہر کے مختلف علاقوں میں بلا تفریق ترقیاتی اور فلاحی منصوبوں پر کام جاری ہے تاکہ عوام کو ان کی دہلیز پر بنیادی سہولیات اور تفریح کے بہتر مواقع فراہم کیے جاسکیں۔






