میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور تعمیراتی کاموں کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے ان منصوبوں کی خود نگرانی کر رہا ہوں، شہریوں کو درپیش مشکلات کا احساس ہے اور ہماری کوشش ہے کہ ترقیاتی کام جلد مکمل کرکے عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جائیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیاری میں زیرِ تعمیر مرزا آدم خان روڈ کے دورے کے موقع پر کیا، جہاں محکمہ انجینئرنگ کے افسران نے انہیں جاری ترقیاتی کاموں کی پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دی،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ مرزا آدم خان روڈ لیاری کی اہم سڑکوں میں شمار ہوتی ہے اور ہزاروں شہری روزانہ اس راستے سے گزرتے ہیں، اس سڑک کی بحالی سے علاقے کے لوگوں کو آمدورفت میں سہولت ملے گی اور ٹریفک کی روانی بہتر بنانے میں مدد ملے گی، انہوں نے بتایا کہ سڑک کے چار کلومیٹر طویل ٹریک کی بحالی کا کام جاری ہے اور اب تک تقریباً 70 فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے جبکہ بقیہ حصے پر پیور بلاکس لگانے سمیت دیگر کاموں کو بھی تیزی سے مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے،انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ مرزا آدم خان روڈ کے بقیہ حصے پر پیور بلاکس لگانے کا کام آئندہ ایک ماہ کے اندر مکمل کر لیا جائے تاکہ شہریوں کو جلد از جلد بہتر اور محفوظ سفری سہولیات میسر آسکیں، متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ تعمیراتی کام مقررہ معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں اور منصوبے کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر سے گریز کیا جائے،
میئر کراچی نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور متعلقہ افسران کام کی رفتار کے ساتھ تعمیراتی معیار پر بھی خصوصی توجہ دیں، انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی کاموں کی نگرانی کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ عوام کے وسائل درست انداز میں استعمال ہوں اور شہریوں کو ان منصوبوں کے ثمرات جلد حاصل ہوں، شہر کے مختلف علاقوں میں جاری منصوبوں کا جائزہ لینے کا سلسلہ بھی اسی مقصد کے تحت جاری ہے تاکہ کاموں کی پیشرفت کا موقع پر جائزہ لے کر ضروری ہدایات دی جا سکیں،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی کی ترقی اور شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ہماری ترجیحات میں شامل ہے، لیاری ہو یا ملیر، شہر کے تمام علاقوں میں بلاامتیاز ترقیاتی کام جاری رکھنا چاہتے ہیں تاکہ ہر علاقے کے شہریوں کو بہتر سڑکیں اور معیاری بلدیاتی سہولیات فراہم کی جا سکیں، پاکستان پیپلز پارٹی عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور کراچی کی تعمیر و ترقی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔






