میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلع وسطی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں سخی حسن اسٹریٹ کی تعمیر و بحالی اور سیوریج سسٹم کی بہتری کے منصوبے کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر سٹی کونسل میں پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، جمن دروان، سٹی کونسل اراکین اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں، منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سخی حسن اسٹریٹ پر 150 ملین روپے کی لاگت سے سڑک، ڈرینیج اور سیوریج سسٹم کی بہتری کے کام مکمل کیے گئے ہیں۔ اللہ رازی بریانی سے حیدر فوڈز تک 2,900 فٹ طویل سڑک کی تعمیر و بحالی مکمل کی گئی ہے، جبکہ 0.883 کلومیٹر طویل ڈبل کیریج وے کو بھی تعمیر و بحال کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 30 فٹ چوڑی سخی حسن اسٹریٹ کی بحالی سے علاقے کے شہریوں کو آمدورفت کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔ منصوبے کے تحت 2,900 فٹ طویل ڈرینیج سسٹم تعمیر کیا گیا ہے تاکہ بارش اور دیگر ذرائع سے جمع ہونے والے پانی کی نکاسی کے مسائل حل کیے جاسکیں، جبکہ 2,900 فٹ طویل نئی سیوریج لائن بھی بچھائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع وسطی سمیت کراچی کے مختلف علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ بلدیہ عظمیٰ کراچی شہر کے بنیادی انفرا اسٹرکچر، سڑکوں، نکاسی آب اور سیوریج کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد کررہی ہے، تاکہ شہریوں کو بہتر شہری سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ میں کراچی میں کام کرنے آیا ہوں اور شہر کی بہتری کے لیے کام کرنا چاہتا ہوں، ضلع وسطی کی متعدد گلیوں اور سڑکوں کی حالت خراب ہے، تاہم شہریوں کو یہ بھی دیکھنا چاہیے کہ ان کے علاقے میں ترقیاتی کاموں کی ذمہ داری کس ادارے اور کس منتخب نمائندے کی ہے۔ ٹاؤن چیئرمین اور یونین کونسل کے چیئرمین سے بھی ان کی کارکردگی کے بارے میں سوال ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کو حق حاصل ہے کہ وہ اپنے منتخب نمائندوں سے سوال کریں، جو اچھا کام کرے اس کی تعریف کریں اور جہاں کام نہ ہو وہاں جواب طلب کریں، تاہم اس دوران احترام کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے. میئر کراچی نے کہا کہ سخی حسن کے پارک کی بحالی کے حوالے سے شہریوں کی نشاندہی اہم ہے۔ میں متعلقہ ٹاؤن سے کہتا ہوں کہ یہ پارک ہمارے حوالے کردیں، ہم اسے دوبارہ ایک ماڈل پارک بنائیں گے اور سرسبز و شاداب کریں گے تاکہ بچوں، بزرگوں اور خاندانوں کو تفریح کی بہتر سہولیات میسر آسکیں۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ بعض لوگ خود کام کرنے کے بجائے دوسروں کو بھی کام نہیں کرنے دیتے۔ میں عوام کے درمیان آکر ان کے مسائل سنتا ہوں اور سڑکوں پر کھڑے ہوکر ان سے بات کرتا ہوں تاکہ شہریوں کو معلوم ہو کہ کون سا ادارہ کیا کام کررہا ہے اور کس کی کیا ذمہ داری ہے. میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نےایک سوال کے جواب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی اور صوبے کے حوالے سے مختلف معاملات پر غیر مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر قیاس آرائیاں کرنے کے بجائے حقائق اور باضابطہ مؤقف کا انتظار کرنا چاہیے۔ اب تک اس حوالے سے کوئی سرکاری معلومات سامنے نہیں آئی ہیں، ایک وزیر حکومت میں معاملے پر غور کرنے کی بات کرتا ہے جبکہ دوسرا وزیر کہتا ہے کہ حکومت میں اس پر کوئی بات نہیں ہوئی۔ ایسے میں قبل از وقت تبصرے اور غیر ضروری بحث مناسب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ معاملہ حکومت کے زیر غور ہے تو بتایا جائے کہ کابینہ کے کس اجلاس میں اس پر بات ہوئی اور قومی اسمبلی یا سینیٹ میں موجود پارلیمانی جماعتوں کے سامنے یہ معاملہ کب زیر بحث آیا۔ ان کی جماعت کے چیئرمین اور حکومتی اتحادی بھی واضح کرچکے ہیں کہ اس معاملے پر ان سے کسی نے رابطہ نہیں کیا۔ ہمیں صورت حال سامنے آنے پر ہی اپنا مؤقف دینا چاہیے۔ میئر کراچی نے عمارتوں کو سیل کرنے سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ اگر کسی کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے تو وہ ہمارے پاس آئے، اپنے شواہد پیش کرے، ہم کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دیں گے۔ متعلقہ افسران اور انتظامیہ شواہد کی روشنی میں کارروائی کریں گے، تاہم کسی بھی معاملے پر حقائق سامنے لائے بغیر پریس کانفرنسیں شروع کردینا مناسب نہیں۔ متاثرہ افراد اپنے ثبوت پیش کریں، قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی اور اگر کسی عمارت کو غیر قانونی طور پر سیل کیا گیا ہے تو معاملے کا جائزہ لے کر اسے ڈی سیل کرنے کے لیے بھی کارروائی ہوسکتی ہے۔ میئر کراچی نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ نظام کی خامیوں کو دور کرے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے۔ اگر کوئی شخص منظور شدہ نقشے کے بغیر عمارت تعمیر کرتا ہے تو کارروائی ہونی چاہیے، اسی طرح اگر کسی عمارت کا نقشہ گراؤنڈ پلس ون منظور ہوا ہے اور وہاں چھ منزلہ عمارت تعمیر کردی جائے تو اس کے خلاف بھی قانون کے مطابق کارروائی ضروری ہے۔ کسی سرکاری افسر، بلڈر یا ٹھیکیدار کو قانون سے بالاتر نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی شخص کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونی چاہیے، غیر قانونی تعمیرات اور عمارتوں کی حفاظت کے معاملے پر میڈیا اور معاشرے کو اپنا دباؤ برقرار رکھنا چاہیے تاکہ کسی بھی سرکاری افسر، بلڈر یا دیگر ذمہ دار شخص کی جانب سے ناانصافی کی صورت میں کارروائی ہوسکے۔ سندھ حکومت کے متعلقہ وزیر ذاتی طور پر اس معاملے کی نگرانی کررہے ہیں اور انہوں نے سخت فیصلے کیے ہیں جن کے اثرات شہر میں نظر آرہے ہیں۔ بعض افسران کی معطلی بھی عمل میں آئی ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ بہتری کے لیے شروع کیے گئے اقدامات کا تسلسل برقرار رہے تاکہ مستقبل میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔ میئر کراچی نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی نے شہریوں کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسے علاقوں میں بھی سڑکوں کی تعمیر کے منصوبے منظور کرائے جہاں متعلقہ مقامی اداروں کی جانب سے کام نہیں کیا جارہا تھا۔ ہمارا مقصد عوام کو سہولت فراہم کرنا ہے، اس لیے ترقیاتی کاموں کو سیاست کی نذر نہیں ہونا چاہیے۔
Read Next
3 دن ago
ایڈمن سوسائٹی میں عمارت منہدم ہونے کا واقعہ،ملبے تلے دبے افراد کو بحفاظت نکالنا اولین ترجیح ہے،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب
5 دن ago
کراچی کی ترقی بلاول بھٹو کے عزم کا ثبوت ہے،ترجمان میئرکرم اللہ وقاصی
5 دن ago
گلبائی روڈ کی تعمیر سے شہریوں کو سفری سہولیات میسر آئیں گی،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب
6 دن ago
*میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلع غربی میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کردیا.*
1 ہفتہ ago
مومن آباد فرنٹیئر سے مومن آباد ٹاون روڈ کی تعمیر بھی آخری مراحل میں ہے،ترجمان میئر کراچی کرم اللہ وقاصی
Related Articles
بلدیہ عظمیٰ کراچی ترقیاتی کاموں اور عوامی خدمت میں نمایاں کردار ادا کرتی رہے گی۔میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب
1 ہفتہ ago
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلع شرقی میں اولمپئن اصلاح الدین روڈ کی تعمیر و بحالی کے منصوبے کا افتتاح کردیا
1 ہفتہ ago
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے پاکستان چوک کے پارک کی تزئین و آرائش کے بعد منصوبے کا افتتاح کردیا
2 ہفتے ago



