میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے پاکستان چوک کے پارک کی تزئین و آرائش کے بعد منصوبے کا افتتاح کردیا

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلع جنوبی صدر ٹاؤن میں پاکستان چوک (سہ رخی چورنگی) کے پارک اور تفریحی مقام کی تزئین و آرائش کے بعد منصوبے کا افتتاح کردیا، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، کے ایم سی سٹی کونسل میں پاکستان پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، سٹی کونسل کے اراکین، چیئرمین ٹی ایم سی صدر منصور احمد شیخ، وائس چیئرمین یونین کمیٹی 8 شاکر آفریدی، ٹاؤن میونسپل کمشنر ذیشان صالح اور دیگر متعلقہ افراد بھی موجود تھے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چوک کراچی کا ایک تاریخی مقام ہے جہاں سے شہر کے ہر ضلع کے شہریوں کا گزر ہوتا ہے، ماضی میں اس اہم مقام کی حالت انتہائی خراب تھی اور یہاں تک کہ پاکستان کا قومی پرچم بھی دکھائی نہیں دیتا تھا، یہ مقام کچرا کنڈی میں تبدیل ہوچکا تھا، تاہم اب اس کی تزئین و آرائش کرکے اسے شہریوں کے لیے ایک خوبصورت اور پُرکشش جگہ بنایا گیا ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ شہر کے تاریخی مقامات کو ان کی اصل شناخت کے مطابق بحال کیا جائے اور شہریوں کو بہتر ماحول فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آرام باغ کو بھی ایک ماڈل پارک بنائیں گے جہاں روزانہ لاکھوں افراد کی آمد و رفت ہوتی ہے،پاکستان چوک سے ہم سب روزانہ گزرتے تھے لیکن اس تاریخی مقام کی حالت ایسی تھی کہ اس کی شناخت بھی نمایاں نہیں تھی۔ یہ مقام صرف ضلع جنوبی کا نہیں بلکہ پورے کراچی کا ہے، کیونکہ شہر کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے شہری یہاں سے گزرتے ہیں، اہم کاروباری مراکز بھی اسی علاقے میں واقع ہیں۔ اب انتظامیہ نے اس مقام کو بہتر بنایا ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ شہری بھی اس کی دیکھ بھال اور حفاظت کو اپنی ذمہ داری سمجھیں۔میئر کراچی نے کہا کہ کسی بھی عوامی مقام کی خوبصورتی برقرار رکھنے کے لیے اس علاقے کے رہائشیوں، دکانداروں اور شہریوں کا تعاون ضروری ہے۔ اگر لوگ ان مقامات کو اپنا سمجھیں گے، یہاں آتے جاتے رہیں گے اور مثبت سرگرمیوں کو فروغ دیں گے تو ایسے عناصر کی حوصلہ شکنی ہوگی جو عوامی مقامات پر غیر ضروری طور پر قابض ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ شہر میں عوامی مقامات پر سرگرمیاں بڑھائی جائیں، کیونکہ جب لوگ ان جگہوں کو استعمال کریں گے تو مقامی کاروبار اور شہریوں کی آمدنی میں بھی اضافہ ہوگا۔ ہم ایک ایسا کراچی چاہتے ہیں جہاں لوگ آئیں، تفریح کریں، ایک دوسرے کے خیالات سنیں اور اپنے شہر کی خوبصورتی سے لطف اندوز ہوں۔انہوں نے کہا کہ برنس روڈ کے حوالے سے بھی شہریوں کو خوشخبری دیں گے، وہاں ترقیاتی کام کیے جائیں گے اور تاریخی عمارتوں کی بحالی کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ لوگ ان عمارتوں کو دیکھ سکیں اور شہر کے خوبصورت تاریخی ورثے سے آگاہ ہوسکیں۔ اس سلسلے میں مشترکہ کوششیں جاری ہیں، آئندہ اجلاس میں اس معاملے کو مزید آگے بڑھایا جائے گا، ہماری کوشش ہے کہ کراچی کے مرکز اور اس کے کاروباری حب کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ شہر کی تاریخی اور تجارتی اہمیت کو بحال کیا جاسکے۔میئر کراچی نے کہا کہ شہر میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے مختلف آرا سامنے آتی رہتی ہیں، تاہم ہماری توجہ عوامی مسائل کے حل، شہریوں کی خدمت اور انہیں امید فراہم کرنے پر ہے۔ ہمیں یہ فیصلہ کرنا ہے کہ ہم ماضی میں الجھے رہنا چاہتے ہیں یا آگے بڑھ کر شہر کی بہتری کے لیے کام کرنا چاہتے ہیں۔ پاکستان کا پیغام محبت، امن، برداشت اور قومی یکجہتی کا پیغام ہے، سبز ہلالی پرچم اور چاند ستارے کی شناخت ہمیں متحد رہنے کا درس دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی رہنماؤں کو بھی مل کر کام کرنا چاہیے، سیاسی رواداری، پارلیمانی خودمختاری اور آئین پر عملدرآمد ضروری ہے۔ عوام کو درپیش مسائل حل کرنا اور انہیں ریلیف فراہم کرنا سیاست دانوں کی بنیادی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ شہر میں غیر قانونی پارکنگ اور تجاوزات کے مسائل بھی موجود ہیں، اگر کوئی غیر قانونی طور پر پارکنگ فیس وصول کرتا ہے یا شہریوں کو دھمکاتا ہے تو اس کے خلاف پولیس اور متعلقہ اداروں کو کارروائی کرنی چاہیے۔ ریاستی اداروں اور انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ شہریوں کو تحفظ فراہم کریں اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کریں۔ بلدیہ عظمیٰ کراچی اور ٹاؤن انتظامیہ کو شہر کی بہتری کے لیے مشترکہ طور پر کام کرنا ہوگا۔میڈیا کے ایک سوال کے جواب میں میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے مصطفی کمال کی جانب سے کراچی میں 300 ارب روپے خرچ کرنے کے دعوے کے حوالے سے کہا کہ میں نے ان سے صرف یہ سوال کیا ہے کہ وہ بجٹ بک دکھا دیں جس میں 300 ارب روپے کے اخراجات کی تفصیلات موجود ہوں۔ میں نے کسی پر رقم چوری کرنے یا کسی دوسرے ملک منتقل کرنے کا الزام نہیں لگایا بلکہ صرف دستاویزی ثبوت مانگا ہے، میں نے 2005ء سے 2009ء تک کے بجٹ ریکارڈ کا جائزہ لیا لیکن مجھے 300 ارب روپے کے اخراجات کا متعلقہ اندراج نہیں ملا۔ اگر اتنی بڑی رقم خرچ کی گئی ہے تو اس کا بجٹ اور دستاویزی ریکارڈ بھی موجود ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آج بلدیہ عظمیٰ کراچی کی کونسل اور اس کا بجٹ عوام کے سامنے موجود ہے، اسی طرح ماضی کے اخراجات کی تفصیلات بھی سامنے آنی چاہئیں۔ میئر کراچی نے کہا کہ ہم 1947ء کے پاکستان سے تعلق رکھتے ہیں اور اسی تاریخی شناخت کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔ پاکستان چوک ہمارے قومی تشخص اور تاریخ کی علامت ہے، اس کی بحالی اسی سوچ کا حصہ ہے۔ شہر کی ترقی کسی ایک ادارے یا فرد کی کوشش سے ممکن نہیں، اس کے لیے بلدیہ عظمیٰ کراچی، ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز، منتخب نمائندوں، دکانداروں اور شہریوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ ہماری کوشش ہے کہ کراچی کو ایک متحرک، خوبصورت اور پُرامن شہر بنایا جائے جہاں شہریوں کو بہتر سہولیات میسر ہوں اور شہر کا تاریخی ورثہ محفوظ رہے۔

جواب دیں

Back to top button