*کوئٹہ کے نوجوانوں کو شہری مسائل کے حل میں شریک کرنے کا فیصلہ،میٹروپولیٹن کارپوریشن کا بین الجامعاتی مقابلے کا اعلان*

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کے وژن کے مطابق میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ نے شہر کے نوجوانوں کو شہری مسائل کی نشاندہی اور ان کے حل میں عملی طور پر شریک کرنے کے لیے کوئٹہ کی تمام سرکاری و نجی جامعات کے طلبہ کے مابین بین الجامعاتی مقابلہ بعنوان ’’میرا کوئٹہ، میری ذمہ داری‘‘ منعقد کرنے کا اعلان کر دیا۔اس مقابلے کا مقصد نوجوان نسل میں شہری ذمہ داری کا شعور اجاگر کرنا، کوئٹہ کو درپیش مسائل کے حل کے لیے نئی سوچ، تخلیقی تجاویز اور قابلِ عمل منصوبے حاصل کرنا ہے، جبکہ جامعات اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کے درمیان تعاون کو بھی فروغ دیا جائے گا۔میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ایڈمنسٹریٹر بشیر احمد بڑیچ نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کے وژن کے مطابق شہر کی بہتری، صفائی، خوبصورتی اور ترقی کے لیے نوجوان نسل کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ کوئٹہ ہم سب کا شہر ہے اور اس کی بہتری کے لیے ہر شہری بالخصوص نوجوان نسل کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں، جنہیں شہری مسائل کے حل اور شہر کی ترقی کے لیے بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔ اس مقابلے کے ذریعے نوجوانوں کو اپنی تجاویز پیش کرنے اور کوئٹہ کی بہتری کے لیے عملی کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

جواب دیں

Back to top button