کمشنر کوئٹہ ڈویژن ذیشان لاشاری کی زیر صدارت کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں پر کام کی پیشرفت، فنڈز کی فراہمی اور دیگر امور کا جائزہ لینے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہر اللہ بادینی، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ ویسٹ منیر احمد درانی، ڈویژنل ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ کوئٹہ ڈویژن ظہور احمد، ڈپٹی پروجیکٹ ڈائریکٹر کیو ڈی پی محمد عابد سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ڈپٹی پروجیکٹ ڈائریکٹر کیو ڈی پی کی جانب سے کمشنر کوئٹہ ڈویژن کو کوئٹہ ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی پیشرفت، فنڈز کی فراہمی، درپیش رکاوٹوں اور دیگر متعلقہ امور کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر کمشنر ذیشان لاشاری نے کہا کہ کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج ایک اہم ترقیاتی منصوبہ ہے، جس کی تکمیل سے شہر میں ٹریفک کے مسائل پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی اور کوئٹہ کو ایک جدید اور بہتر شہر بنانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے ڈپٹی پروجیکٹ ڈائریکٹر کیو ڈی پی کو ہدایت کی کہ آئندہ اجلاس میں کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت جاری اور نئے تمام ترقیاتی منصوبوں کی گوگل میپ کے ذریعے واضح نشاندہی پیش کی جائے تاکہ ہر منصوبے کی موجودہ صورتحال، محل وقوع اور کام کی پیشرفت کا مؤثر انداز میں جائزہ لیا جا سکے۔کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے اور تمام جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل ہر صورت یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے خصوصی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ہاکی چوک سے اکرم ہسپتال تک زرغون روڈ کی تعمیر کا کام ایک ماہ کے اندر مکمل کیا جائے تاکہ منصوبے کا بروقت افتتاح ممکن بنایا جا سکے، جبکہ سریاب سروس روڈ کا کام بھی دو ماہ کے اندر مکمل کیا جائے۔سریاب روڈ سے متعلق مساجد کے حوالے سے درپیش مسئلے پر ڈپٹی کمشنر کوئٹہ ویسٹ کو ہدایت کی کہ متعلقہ افراد سے رابطہ کرکے مسئلے کا قابل عمل اور قابل قبول حل تلاش کیا جائے تاکہ ترقیاتی کام میں مزید تاخیر نہ ہو۔اجلاس میں اسپنی سبزل انڈر پاس کی تعمیر کے حوالے سے بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ ویسٹ کو ہدایت کی کہ منصوبے کے حوالے سے اب تک اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا جائے اور پیش رفت سے متعلق رپورٹ پیش کی جائے۔انہوں نے تمام ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر نگرانی کے لیے اسسٹنٹ کمشنرز کو بھی ضروری ہدایات جاری کرنے کی ہدایت کی تاکہ منصوبوں کے معیار، رفتار اور مقررہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔اجلاس کے دوران کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت نئی اسکیموں کے حوالے سے بھی کمشنر کو بریفنگ دی گئی۔ نئی اسکیموں میں ایئرپورٹ روڈ فلائی اوور، سریاب روڈ فلائی اوور، ایئرپورٹ روڈ پیڈلاسٹک برج کی تعمیر، ایئرپورٹ روڈ پر انڈر گراؤنڈ کیبلز کی تنصیب اور اے جی آفس کے لیے پارکنگ پلازہ کی تعمیر سمیت دیگر منصوبے شامل ہیں۔کمشنر ذیشان لاشاری نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں بڑھتے ہوئے ٹریفک مسائل اور شہریوں کو درپیش مشکلات کے پیش نظر ترقیاتی منصوبوں میں کسی قسم کی غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔منصوبوں کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کرکے کام کی رفتار تیز کی جائے اور ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبوں کی مسلسل نگرانی، باہمی رابطے اور مؤثر انتظامی اقدامات کے ذریعے کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج کے ثمرات جلد از جلد شہریوں تک پہنچائے جائیں۔






