چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کا گلیات میں ترقیاتی منصوبوں، ماحولیاتی تحفظ اور سیاحتی سہولیات کی بہتری کا جائزہ

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر محمد فخر عالم عرفان کی زیر صدارت سیاحتی مقام گلیات میں ترقیاتی سرگرمیوں، تعمیراتی ضوابط کے نفاذ اور ماحولیاتی تحفظ سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکرٹری سیاحت، کمشنر ہزارہ ڈویژن، ڈائریکٹر جنرل گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے) اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں گلیات میں تعمیراتی سرگرمیوں کو قواعد و ضوابط کا پابند بنانے، بلڈنگ کنٹرول، بائی لاز پر عملدرآمد اور ان کے مؤثر نفاذ سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ گلیات کے قدرتی ماحول، ماحولیاتی معیار اور قدرتی حسن کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ماسٹر پلان اور لینڈ یوز پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے بھی بریفنگ لی۔چیف سیکرٹری نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سیاحوں کی سہولت اور علاقے میں سیاحت کے فروغ کے لیے واکنگ ٹریکس، بیوٹیفکیشن، صفائی ستھرائی، واش رومز اور پارکنگ کی سہولیات سے متعلق ترقیاتی منصوبوں پر کام تیز کیا جائے اور آئندہ سیاحتی سیزن کے آغاز سے قبل ان کی تکمیل یقینی بنائی جائے۔انہوں نے گلیات میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ گندے پانی کی نکاسی اور ٹریٹمنٹ کے نظام کو بھی جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ علاقے کے قدرتی ماحول کو آلودگی سے محفوظ رکھنے کے ساتھ ساتھ سیاحوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

جواب دیں

Back to top button