مشیر برائے بلدیات، مواصلات و تعمیرات آصف رفیق کو محکمہ بلدیات کی مجموعی کارکردگی اور 100 روزہ ایکشن پلان کے حوالے سے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر محکمہ کی جاری سرگرمیوں، مقررہ اہداف اور ایکشن پلان پر عمل درآمد کے لیے تیار کردہ حکمت عملی سے آگاہ کیا گیا۔سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محکمہ بلدیات نے 100 روزہ ایکشن پلان کے تحت مقررہ اہداف کے بروقت اور مؤثر حصول کے لیے جامع حکمت عملی تیار کر لی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محکمہ اپنی ذمہ داریوں کو مؤثر انداز میں ادا کرتے ہوئے تمام طے شدہ اہداف مقررہ مدت کے اندر 100 فیصد حاصل کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کرے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ایکشن پلان پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ شعبوں کی ذمہ داریوں اور کارکردگی پر توجہ دی جائے گی تاکہ مقررہ اہداف کے حصول میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو اور عوام کو بلدیاتی خدمات کی بہتر فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔اس موقع پر مشیر بلدیات آصف رفیق نے محکمہ کی مجموعی کارکردگی اور 100 روزہ ایکشن پلان کا جائزہ لیا اور اہداف کے حصول کے لیے مؤثر حکمت عملی، بروقت عمل درآمد اور کارکردگی کی مسلسل نگرانی کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ محکمہ بلدیات کی کارکردگی کو بہتر بنانے، انتظامی امور میں مؤثریت لانے اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں.






