میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلع جنوبی صدر ٹاون کلفٹن آدم روڈ کی بہتری و بحالی کے ترقیاتی منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھ دیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ کے خصوصی مشیر نجمی عالم، سٹی کونسل میں پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، نصرت نیازی،وائس چیئرمین، کونسلر اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں، منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مئیر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر و بحالی اور بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی کے لیے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے، آدم روڈ کی بہتری و بحالی بھی اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ آدم روڈ کی بہتری و بحالی کے کام چوہدری خلیق الزماں روڈ، کلفٹن سے میک نیل روڈ تک کیے جائیں گے، اس منصوبے پر مجموعی طور پر 6 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ منصوبے کے تحت 2500 رننگ فٹ طویل سنگل کیریج وے تعمیر کیا جائے گا، جبکہ 45 فٹ چوڑی سڑک کی تعمیر و بحالی کا کام بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ آدم روڈ پر 500 رننگ فٹ طویل پَیور بلاک روڈ تعمیر کی جائے گی، جس کی اوسط چوڑائی 24 فٹ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے میں سڑکوں کی تعمیر و بہتری کے ساتھ سیوریج کے نظام کی بحالی کے کام بھی شامل کیے گئے ہیں تاکہ علاقے کے رہائشیوں کو درپیش بنیادی مسائل حل کیے جاسکیں اور انہیں آمدورفت کی بہتر سہولیات میسر آسکیں۔ میئر کراچی نے کہا کہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی اور شہر کے بنیادی ڈھانچے کی بحالی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے سڑکوں، سیوریج اور دیگر بنیادی شہری سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی سڑکوں اور سیوریج کے نظام کو بہتر بنا کر عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ کیا جائے گا، بلدیہ عظمیٰ کراچی شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری رکھے گی۔ مئیر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی کے شہریوں سے کیے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں، صدر ٹاؤن کی رابطہ سڑکوں کی تعمیر و بحالی پر ایک ارب 10 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے، جبکہ شہر بھر میں 139 اور 26 مزید سڑکوں سمیت مجموعی طور پر 165 سڑکوں کی تعمیر و بہتری کا کام کیا جا رہا ہے، ان تمام منصوبوں کو آئندہ 120 روز میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ مئیر کراچی نے کہا کہ وہ گزشتہ 20 سال سے اس علاقے میں آتے رہے ہیں اور انہیں اس سڑک کی صورتحال اور یہاں کے مکینوں کو درپیش مشکلات کا بخوبی علم ہے۔ علاقے کے مکینوں اور منتخب نمائندوں نے اس سڑک کی تعمیر کا مطالبہ کیا تھا، جس پر ہم نے ان سے وعدہ کیا تھا کہ اس سڑک کو تعمیر کرکے دیں گے۔ آج یہاں آکر انہیں یقین دلانا چاہتے ہیں کہ جو وعدہ کیا تھا اسے پورا کرنے کے لیے کام شروع کردیا گیا ہے۔ سڑک کی تعمیر کا کام گزشتہ روز شروع ہوچکا ہے اور آئندہ تین ہفتوں میں مکمل سڑک تعمیر کرکے شہریوں کے حوالے کردی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی بڑی شاہراہیں اپنی جگہ اہم ہیں، لیکن شہری جب اپنی رہائشی آبادیوں تک پہنچتے ہیں تو انہیں رابطہ سڑکوں کی خراب صورتحال کے باعث مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اسی مسئلے کو مدنظر رکھتے ہوئے پورے شہر کے لیے جامع منصوبہ بندی کی گئی ہے تاکہ شہریوں کو ان کے گھروں تک آمدورفت کی بہتر سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ میئر کراچی نے کہا کہ شہریوں سے درخواست ہے کہ وہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے بعد ہماری کارکردگی کا جائزہ لیں۔ میرا، نجمی عالم، اختیار بیگ، کرم اللہ وقاصی اور علاقے کے دیگر منتخب نمائندوں کا احتساب اس وقت کریں جب کام مکمل ہوجائے۔ ہم چاہتے ہیں کہ شہری خود دیکھیں کہ جو وعدہ کیا گیا تھا اسے پورا بھی کیا گیا ہے۔ کراچی ہمارا شہر ہے، یہاں ہمارے عزیز، دوست، خاندان اور کارکن رہتے ہیں، لہٰذا ان کی خدمت کرنا ہماری بنیادی ذمہ داری ہے، کسی پر احسان نہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیابانِ شہباز پر فلائی اوور اور خیابانِ اتحاد پر اوورہیڈ برج تعمیر کرنے کے منصوبے بھی زیرِ غور ہیں۔ ان دونوں منصوبوں کا مقصد ٹریفک کی روانی بہتر بنانا اور شہریوں کو ٹریفک جام سے نجات دلانا ہے۔ ان منصوبوں پر کام شروع کرنے کا ہدف دسمبر کے آخر تک مقرر کیا گیا ہے اور کوشش ہے کہ رواں مالی سال کے دوران چار سے پانچ ماہ میں دونوں منصوبے مکمل کیے جائیں تاکہ آئی آئی چندریگر روڈ سے پی آئی ڈی سی اور وہاں سے صدر جانے والے شہریوں کو سہولت میسر آسکے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال کے آغاز میں شہر کی سڑکوں کی بہتری کے لیے 68 ارب روپے خرچ کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، جس پر عملی کام شروع ہوچکا ہے اور رواں مالی سال کے دوران ان منصوبوں کو مکمل کرنے کا ہدف ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ذمہ داریاں سنبھالیں تو ادارے کے مالی وسائل محدود تھے، فٹ پاتھ بنانے اور اسٹریٹ لائٹس نصب کرنے جیسے معمولی کاموں کے لیے بھی وسائل کی کمی کا سامنا تھا، لیکن آج اسی ادارے، اسی قانون اور انہی اختیارات کے ساتھ ترقیاتی کام ہوتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ اس کی بنیادی وجہ ادارے سے بدعنوانی، چوری اور مالی بے ضابطگیوں کا خاتمہ اور آمدنی میں اضافہ ہے۔ اب بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اکاؤنٹ میں ہر ماہ آمدنی بڑھ رہی ہے، جس کے باعث شہری ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنا ممکن ہوا ہے۔ مئیر کراچی نے کہا کہ خلیق الزماں روڈ پر بھی ایک فلائی اوور تعمیر کرنے کی تجویز زیرِ غور ہے، اس منصوبے کا ابتدائی خاکہ تیار ہے اور اس کے لیے مالی وسائل بھی دستیاب ہیں، تاہم اس حوالے سے علاقے کے لوگوں کی رائے اور حمایت ضروری ہے۔ عوام کی تائید حاصل ہونے پر منصوبے پر کام شروع کیا جاسکتا ہے اور اسے 100 روز میں مکمل کرنے کا ہدف رکھا جائے گا۔ میئر کراچی نے کہا کہ نشتر روڈ پر بھی پل کی تعمیر کا کام شروع کردیا گیا ہے، جو لیاری ایکسپریس وے سے آنے والے شہریوں کے لیے سہولت کا باعث بنے گا۔ یہ پل 100 روز میں مکمل کرکے جنوری کے وسط میں عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی فراہمی اور عوامی مقامات سے متعلق شہریوں کے مسائل سے آگاہ ہیں اور انہیں حل کرنے کے لیے متعلقہ اداروں کے افسران اور عملہ دن رات کام کررہے ہیں. انہوں نے کہا کہ صنعتوں اور تجارتی علاقوں میں پینے کے صاف پانی کے استعمال کو کم کرنے کے لیے ری سائیکل شدہ پانی کی فراہمی کا منصوبہ بنایا گیا ہے تاکہ صنعتوں کو دوبارہ قابلِ استعمال پانی فراہم کیا جاسکے اور بچائے جانے والے صاف پانی کو شہریوں کی ضروریات کے لیے استعمال کیا جاسکے۔ لیاری کے لیے 10 ایم جی ڈی کی بلند سطحی پانی کی لائن کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے جبکہ جنوبی علاقوں کے لیے بھی کام شروع کردیا گیا ہے۔ ان منصوبوں کو 2027 میں مکمل کرنے کا ہدف ہے تاکہ پانی کی ترسیل کے آخری سروں پر واقع آبادیوں کے مسائل حل کیے جاسکیں۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی کی ترقی اور بہتری کا عمل جاری رہے گا۔ ہماری قیادت اور پاکستان پیپلز پارٹی کا عزم ہے کہ شہریوں کے مسائل پر تنقید اور منفی پروپیگنڈے کے بجائے عملی اقدامات کے ذریعے انہیں حل کیا جائے۔ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے لے کر پارٹی کے ہر کارکن تک سب کا مقصد کراچی کی خدمت اور شہر کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے. انہوں نے کہا کہ کراچی ماضی کے ان حالات کی طرف واپس نہیں جائے گا جہاں شہریوں کی جان و مال محفوظ نہیں تھے، لاشیں ملتی تھیں، گرفتاریاں اور ہڑتالیں معمول بن گئی تھیں۔ ہم نے اس ماضی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور اب ہماری ذمہ داری ہے کہ شہر کو امن، ترقی اور خوشحالی کی جانب لے کر جائیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکن کراچی کے عوام کے ساتھ کھڑے رہیں گے اور شہر کو اس کا جائز مقام دلانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
Read Next
1 دن ago
*بلدیہ عظمیٰ کراچی میں جاری ترقیاتی اسکیموں میں ردوبدل پر مکمل پابندی عائد*
1 دن ago
میئر کراچی نے پی آر سی پمپنگ اسٹیشن کی بحالی کے بعد افتتاح کردیا،30 سال بعد کیماڑی میں بلک واٹر سپلائی میں نمایاں بہتری
3 دن ago
*بلدیہ عظمیٰ کراچی 20 سال بعد نیشنل ایج گروپ سوئمنگ چیمپئن شپ کی میزبانی کرے گی*
3 دن ago
شہریوں کے بلدیاتی مسائل کے حل کے لئے میئر کراچی کی ای کچہری،متعلقہ افسران کو شکایات فوری دور کرنے کی ہدایت
3 دن ago
ضلع شرقی چنیسر ٹاؤن میں ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد،سڑکوں اور نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنایا جائے گا،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب
Related Articles
مینگروو بائیو ڈائیورسٹی پارک کا دورہ، پارک جلد عوام کے لیے کھول دیا جائے گا،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب
4 دن ago
یونین کمیٹی 8 کی وائس چیئرمین کی نشست پر پیپلزپارٹی کے امیدوار خلیل احمد ہوت کی کامیابی،لیاری میں جشن کا سماں
5 دن ago
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے نارتھ کراچی صنعتی علاقے میں 731 ملین روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔
5 دن ago



