مینگروو بائیو ڈائیورسٹی پارک کا دورہ، پارک جلد عوام کے لیے کھول دیا جائے گا،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی میں شہریوں کو تفریحی سہولیات کی فراہمی اور ماحول کو سرسبز و خوبصورت بنانے کے لیے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے، مینگروو بائیو ڈائیورسٹی پارک بھی اسی سلسلے کی ایک اہم کاوش ہے جسے جلد عوام کے لیے کھول دیا جائے گا، نیٹی جیٹی پل کے قریب واقع اس پارک کی تکمیل سے کراچی کے شہریوں، بچوں اور خاندانوں کو قدرتی ماحول میں سیر و تفریح کا ایک منفرد موقع میسر آئے گا، انہوں نے کہا کہ آئندہ ایک سے دو ہفتوں میں پارک کو عوام کے لیے کھولنے کی کوشش کی جا رہی ہے یہ منصوبہ کراچی میں ماحول کے تحفظ، قدرتی حسن کے فروغ اور شہریوں کو بہتر تفریحی مقامات فراہم کرنے کی جانب ایک اہم پیشرفت ہے،میئر کراچی نے مینگروو بائیو ڈائیورسٹی پارک کے دورے کے موقع پر کہا کہ یہ منصوبہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام تیار کیا جا رہا ہے جس کا مقصد شہر میں قدرتی جنگلات اور حیاتیاتی تنوع کو محفوظ بنانے کے ساتھ شہریوں کو ایک خوبصورت اور پرسکون تفریحی مقام فراہم کرنا ہے، انہوں نے اس منصوبے کی تکمیل میں تعاون اور رہنمائی فراہم کرنے پر طارق الیگزینڈر قیصر اور آواری خاندان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ باہمی تعاون سے شہر میں مثبت اور تعمیری منصوبوں کو آگے بڑھایا جاسکتا ہے، انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کو ایسے مقامات فراہم کرنا ضروری ہے جہاں وہ اپنے اہل خانہ اور بچوں کے ساتھ معیاری وقت گزار سکیں اور قدرتی ماحول سے لطف اندوز ہو سکیں،انہوں نے کہا کہ شہر کی خوبصورتی اور شہریوں کی سہولت کے لیے سڑکوں اور بنیادی انفرااسٹرکچر کی بہتری کے ساتھ اسٹریٹ لائٹس کی بحالی پر بھی کام کیا جا رہا ہے، شاہراہ فردوسی پر اسٹریٹ لائٹس بحال کردی گئی ہیں جبکہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی انجینئرنگ ٹیم شہر کی 41 اہم شاہراہوں پر اسٹریٹ لائٹس کی بحالی اور تنصیب کے ذریعے روشنی کا مؤثر انتظام یقینی بنا رہی ہے، انہوں نے کہا کہ اہم شاہراہوں پر روشنی کے بہتر انتظام سے نہ صرف شہریوں کو آمدورفت میں سہولت ملے گی بلکہ رات کے اوقات میں ٹریفک کی روانی اور شہریوں کی حفاظت کو بھی بہتر بنانے میں مدد ملے گی،میئر کراچی نے کہا کہ شہر میں صفائی ستھرائی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے بھی خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں، اس سلسلے میں فلائی اوورز اور انڈر پاسز کی روزانہ کی بنیاد پر صفائی کا عمل شروع کردیا گیا ہے تاکہ ان اہم مقامات کو صاف ستھرا رکھا جا سکے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ صفائی کے عمل میں تسلسل برقرار رکھا جائے اور شہر کے اہم مقامات، شاہراہوں اور عوامی گزرگاہوں کی صفائی پر خصوصی توجہ دی جائے، انہوں نے کہا کہ کراچی کی ترقی صرف سڑکوں اور پارکوں کی تعمیر تک محدود نہیں بلکہ صاف ستھرا ماحول، بہتر روشنی، سرسبز مقامات اور شہریوں کے لیے معیاری تفریحی سہولیات بھی ایک بہتر شہر کی بنیادی ضرورت ہیں، بلدیہ عظمیٰ کراچی ان تمام شعبوں میں بہتری کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

جواب دیں

Back to top button