صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اجلاس

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) کے تحت جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن پنجاب عظمت محمود، سی ای او پنجاب ہیلتھ انیشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی ڈاکٹر علی رزاق، ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ، ایڈیشنل سیکرٹری پروکیورمنٹ، چیف پلاننگ آفیسر، سی او او آئی ڈیپ مائرہ علی، ایڈیشنل سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی، جبکہ وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی، چیف انجینئرز، متعلقہ ایکسیئنز اور دیگر افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ متعلقہ حکام نے شرکاء کو صحت کے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ لاہور، کلثوم نواز کینسر ہسپتال ڈی جی خان، مریم نواز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی گوجرانوالہ، نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا، ملتان کینسر ہسپتال، لیڈی ولنگڈن ہسپتال لاہور، تھیلیسیمیا سینٹر بہاولپور، بہاولپور اور رحیم یار خان میں برن یونٹس کے قیام سمیت متعدد اہم منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ نارووال میڈیکل کالج، یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز لاہور، فاطمہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف ڈینٹل سائنسز، اوکاڑہ میڈیکل کالج، چلڈرن ہسپتال راولپنڈی، ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی میں سیوریج سسٹم کی بہتری، ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ، الائیڈ ہسپتال فیصل آباد ون میں لینیئر ایکسیلیریٹر کی خریداری، چلڈرن ہسپتال بہاولپور، میو ہسپتال لاہور کی او پی ڈی کی ری ویمپنگ، جناح ہسپتال لاہور میں گائنی، جنرل سرجری اور یورولوجی کے آپریشن تھیٹرز، میڈیکل کالج لیہ، میڈیکل کالج میانوالی اور دیگر منصوبوں پر پیش رفت زیر بحث آئی۔اس موقع پر صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق صوبے میں صحت کے شعبے میں تاریخی اور انقلابی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ صوبہ بھر میں جدید طبی سہولیات سے آراستہ نئے ہسپتالوں کا جال بچھایا جا رہا ہے تاکہ عوام کو معیاری علاج معالجے کی سہولیات ان کی دہلیز کے قریب فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے متعلقہ ایگزیکیوٹنگ ایجنسیز کو ہدایت کی کہ صحت کے تمام جاری ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں جلد از جلد مکمل کیا جائے۔

جواب دیں

Back to top button