خیبرپختونخوا میں زمینوں کی رجسٹری اور انتقال کے نظام کو مزید شفاف اور تیز بنانے کے لیے ای رجسٹری، لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم اور ایف بی آر کے درمیان ڈیجیٹل انضمام کا افتتاح کر دیا گیا۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر محمد فخر عالم عرفان اور ایڈوائزر برائے خزانہ و ریونیو طارق محمود پاشا نے نئے سسٹم کا باضابطہ افتتاح کیا۔
ای رجسٹری اور لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم کے انضمام سے رجسٹری سے انتقال تک کا پورا عمل خودکار، تیز رفتار اور شفاف ہو جائے گا۔ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے بے ضابطگیوں کا خاتمہ ہوگا، جبکہ انتقال کی تیاری، بائیومیٹرک تصدیق اور انتقال نمبر کا اندراج خودکار طور پر ممکن ہوگا۔کمپیوٹرائزڈ لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم اور ایف بی آر کے انضمام سے انتقالات پر عائد وفاقی ٹیکسز کی ادائیگی آن لائن ہوگی، جبکہ آن لائن ٹیکس ادائیگی کی تصدیق براہ راست ایف بی آر کے ذریعے کی جائے گی۔ہر انتقال کے ساتھ متعلقہ ٹیکس ادائیگی کا ریکارڈ منسلک ہوگا، جس سے شفافیت یقینی بنائی جا سکے گی۔ اس نظام کے نتیجے میں شہریوں کو بار بار سرکاری دفاتر کے چکر لگانے اور غیر ضروری انتظار سے نجات ملے گی۔






