وزیراعظم کی کوآرڈینیشن کمیٹی برائے ریگولیٹری اصلاحات کے اراکین نے پشاور کا دورہ کیا اور چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر فخر عالم عرفان سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری کی زیر صدارت اجلاس میں "رائزنگ پاکستان” اقدام کے تحت جاری اصلاحاتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں مشیر گورنر خیبر پختونخوا برائے صنعت و تجارت محمد ارشاد، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکریٹریز اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔ کمیٹی کے اراکین نے چیف سیکریٹری کو قومی اور صوبائی سطح پر جاری مختلف اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔ ان میں آسان کاروبار، پاکستان ریگولیٹری رجسٹری، پاکستان بزنس پورٹل، ایکسپورٹ پالیسی آرڈر اور امپورٹ پالیسی آرڈر شامل ہیں۔اس موقع پر چیف سیکرٹری نے سرمایہ کاری سے متعلق اقدامات کو ترجیح قرار دیتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ صوبائی سطح پر جاری اصلاحاتی اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے باقاعدگی سے اجلاس منعقد کریں۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ صوبائی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس باقاعدگی سے بلایا جائے۔مشیر صنعت و تجارت نے کہا کہ تمام اقدامات پر تیزی سے عمل درآمد کیا جائے تاکہ معاشی سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے میدان میں خیبر پختونخوا ملک کے دیگر صوبوں سے پیچھے نہ رہے۔کمیٹی کے اراکین نے صوبے میں ڈیجیٹل ایپز کو پاکستان بزنس پورٹل کے ساتھ منسلک کرنے کی تجویز دی تاکہ قومی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو صوبائی اور قومی خدمات ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر دستیاب ہوں۔





