پنجاب بھر میں کوڑا کرکٹ پھینکنے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا فیصلہ، 50 ہزار روپے تک جرمانے عائد،دوبارہ خلاف ورزی پر جرمانہ ڈبل

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں صفائی ستھرائی کے نظام کو مؤثر بنانے اور کوڑا کرکٹ پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کے احکامات جاری کر دیئے ہیں ۔ ستھرا پنجاب اتھارٹی نے وزیراعلیٰ کی ہدایات کی روشنی میں تمام ڈپٹی کمشنرز، ستھرا پنجاب ایجنسیز کے چیئرپرسنز اور منیجنگ ڈائریکٹرز کو عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے مراسلہ جاری کر دیا۔جاری کردہ ہدایات کے مطابق مارکیٹوں، بازاروں، سبزی و فروٹ منڈیوں اور غلہ منڈیوں میں کوڑا کرکٹ پھینکنے والوں کے خلاف جرمانے عائد کیے جائیں گے، جبکہ صفائی کے بعد سڑکوں پر دوبارہ کوڑا پھینکنے والے افراد کے خلاف بھی قانونی کارروائی ہوگی۔حکومت پنجاب نے خالی پلاٹوں کے مالکان کو بھی پابند بنانے کا فیصلہ کیا ہے کہ وہ اپنے پلاٹوں کے اندر یا باہر کوڑا کرکٹ جمع نہ ہونے دیں اور اس کی مناسب تلفی کا انتظام کریں۔ خلاف ورزی کی صورت میں پلاٹ مالکان کو جرمانے کیے جائیں گے۔مراسلے میں تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس مہم کی تشہیر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور واٹس ایپ گروپس میں اردو زبان میں بھی کریں اور اسکولوں کے دوروں کے دوران بچوں کو صفائی کی اہمیت، کوڑا مقررہ مقامات پر پھینکنے اور ماحول کو صاف رکھنے کے حوالے سے آگاہی دیں۔

سیالکوٹ میں بھی وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات پر عملدرآمد شروع

ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اویس مشتاق کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں ستھرا پنجاب مہم کے تحت کوڑا کرکٹ پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی اور صفائی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔ ضلع سیالکوٹ کی چاروں تحصیلوں سیالکوٹ، پسرور، ڈسکہ اور سمبڑیال کے اسسٹنٹ کمشنرز کو حکومتی ہدایات پر فوری عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔اس سلسلے میں بڑی مارکیٹوں، بازاروں، سبزی و فروٹ منڈیوں، اہم شاہراہوں اور خالی پلاٹوں میں صفائی کے انتظامات بہتر بنانے کے ساتھ کوڑا کرکٹ پھینکنے والوں کے خلاف جرمانوں اور قانونی کارروائی کا عمل شروع کیا جا رہا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فیلڈ میں خود نگرانی کریں اور ستھرا پنجاب مہم کے تحت جاری احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔

خلاف ورزیوں پر جرمانوں کی تفصیلات

سرکاری ہدایات کے مطابق سڑکوں اور عوامی مقامات پر کوڑا پھینکنے پر 10 ہزار روپے، خالی پلاٹوں میں کوڑا تلف کرنے کا مناسب انتظام نہ کرنے پر صنعتی مالکان کو 50 ہزار، تجارتی مقامات کو 25 ہزار اور رہائشی و دیگر مقامات کو 10 ہزار روپے جرمانہ ہوگا۔اسی طرح دکانوں، گھروں اور فیکٹریوں کے سامنے صفائی برقرار نہ رکھنے پر 5 ہزار سے 25 ہزار روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکے گا، جبکہ پلاسٹک بیگز اور دیگر ناقابلِ تلف مواد کی صفائی نہ کرنے پر بھی جرمانے ہوں گے۔قانون کے تحت دوبارہ خلاف ورزی کرنے کی صورت میں جرمانے کی رقم دوگنا کر دی جائے گی۔ستھرا پنجاب اتھارٹی نے متعلقہ اداروں کو ویسٹ مینجمنٹ انسپکٹرز تعینات کرنے، اینٹی لٹرنگ اسکواڈز کو فیلڈ میں متحرک کرنے اور بڑی مارکیٹوں، بازاروں، اہم شاہراہوں اور خالی پلاٹوں سے کارروائی شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔

جواب دیں

Back to top button