سیکرٹری لوکل گورنمنٹ زید بن مقصود نے ڈائریکٹر جنرل پنجاب والڈ سٹیز اینڈ ہیریٹیج ایریاز اتھارٹی نجم الثاقب اور ان کی ٹیم کے ہمراہ نیلا گنبد منصوبے کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی

طاہر فاروق، ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) علی اعجاز، چیف انجینئر ٹیپا اور اسسٹنٹ کمشنر لاہور عامر لیاقت بھی موجود تھے۔ دورے کا مقصد منصوبے پر جاری ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لینا تھا۔دورے کے دوران حکام نے منصوبے کے مقام کا معائنہ کیا اور جاری کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر بالخصوص اطراف کے علاقے کی بہتری، بنیادی ڈھانچے کی بحالی اور شہری ماحول کو بہتر بنانے پر توجہ دی گئی۔ منصوبے کی بروقت اور مؤثر تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ محکموں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پنجاب والڈ سٹیز اینڈ ہیریٹیج ایریاز اتھارٹی نجم الثاقب نے کہا کہ ”نیلا گنبد منصوبہ علاقے کے تاریخی تشخص کو برقرار رکھتے ہوئے شہری منظرنامے کو بہتر بنانے کے لیے ایک اہم اقدام ہے۔ یہ منصوبہ غیر فعال اور نظر انداز کیے جانے والے شہری مقامات کو سماجی، ثقافتی اور کمیونٹی سرگرمیوں کے ذریعے فعال اور متحرک عوامی مقامات میں تبدیل کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ حکومتِ پنجاب ایسے مقامات کو دوبارہ فعال بنانے کے لیے عملی اقدامات کررہی ہے، جبکہ پی ڈبلیو سی اے اس وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔”انہوں نے مزید کہا کہ حکومتِ پنجاب پائیدار تحفظ اور مربوط ترقیاتی اقدامات کے ذریعے صوبے کے تاریخی ورثے کی بحالی، حفاظت اور تحفظ کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام جاری ترقیاتی کام منظور شدہ منصوبوں اور مقررہ معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں، تاکہ کام کے معیار، پائیداری اور مقام کی تاریخی اہمیت کو یقینی بنایا جا سکے۔






