*پی ڈبلیو سی اے اور شان فوڈز کے درمیان ثقافتی ورثے اور سیاحت کے فروغ کے لئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط*

پنجاب والڈ سٹیز اینڈ ہیریٹیج ایریاز اتھارٹی اور شان فوڈز کے درمیان ثقافتی ورثے کے فروغ، مقامی روایات کے تحفظ اور لاہور کے تاریخی مقامات پر ثقافتی تقریبات اور سرگرمیوں کے ذریعے سیاحت کو فروغ دینے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔  مفاہمتی یادداشت پر ڈائریکٹر جنرل پی ڈبلیو سی اے، جناب نجم الثاقب، اور شان فوڈز کی شریک چیئرپرسن، محترمہ سمر سلطان نے دستخط کیے۔ ایک سالہ شراکت داری کا مقصد لاہور کے قلعہ، شالامار باغ اور اندرونِ لاہور سمیت منتخب تاریخی مقامات پر ثقافتی سرگرمیوں کے ذریعے عوام کو اپنے ورثے سے جوڑنا ہے۔ ان سرگرمیوں کا انعقاد باہمی مشاورت اور ضروری منظوریوں سے مشروط ہوگا۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پی ڈبلیو سی اے، جناب نجم الثاقب نے کہا، ’’ہمارے تاریخی مقامات محض عمارتیں نہیں بلکہ ہماری ثقافتی شناخت اور اجتماعی یادداشت کے عکاس ہیں۔ شان فوڈز کے ساتھ یہ شراکت داری عوام کو اپنے بھرپور ثقافتی ورثے سے روشناس کرانے، ثقافتی سیاحت کو فروغ دینے اور تاریخی مقامات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے نئے مواقع فراہم کرے گی۔”مفاہمتی یادداشت کے تحت پی ڈبلیو سی اے تاریخی ورثے سے متعلق رہنمائی اور انتظامی امور میں تعاون کرے گی، جبکہ شان فوڈز تقریبات کی منصوبہ بندی، انتظامات، لاجسٹکس اور تشہیر میں معاونت فراہم کرے گی۔ اس شراکت داری کے تحت ورثے کی سیر، روایتی کھانوں، دستکاریوں کے مظاہروں اور دیگر ثقافتی سرگرمیوں کا انعقاد بھی ممکن ہوگا۔دونوں ادارے تمام سرگرمیوں کی منصوبہ بندی اور انعقاد کے دوران متعلقہ قوانین، حفاظتی تقاضوں اور پی ڈبلیو سی اے کے تاریخی ورثے کے تحفظ سے متعلق ضوابط پر عمل درآمد یقینی بنائیں گے۔یہ شراکت داری لاہور کی ثقافتی شناخت کو اجاگر کرنے، عوامی شرکت کی حوصلہ افزائی کرنے اور ثقافتی ورثے پر مبنی سیاحت کو مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

جواب دیں

Back to top button