*آزاد کشمیر،حکومتی سروسز ون ونڈو آپریشن کے تحت آن لائن کرنے کا فیصلہ*

وزیراعظم آزادکشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ سرکاری امور میں بہتری، گڈ گورننس کے فروغ اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھایا جائے گا۔ تمام حکومتی سروسز کو بہت جلد ون ونڈو آپریشن کے تحت آن لائن کیا جا رہا ہے، جبکہ سرکاری ملازمتوں میں شفافیت اور میرٹ یقینی بنانے کے لیے تھرڈ پارٹی نظام اپنایا جائے گا۔سیکرٹریز حکومت کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ میرٹ، گڈ گورننس اور سرکاری اداروں پر عوامی اعتماد کی بحالی حکومت کی اہم ترجیحات ہیں۔ انہوں نے پبلک سروس کمیشن کو مزید مؤثر اور فعال بنانے کے لیے متعلقہ حکام سے سفارشات طلب کرتے ہوئے کہا کہ اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔وزیراعظم بیرسٹر افتخار گیلانی نے سو روزہ پلان کی تیاری میں سیکرٹریز حکومت کی کاوشوں کو سراہا اور ہدایت کی کہ حکومتی اہداف کے حصول کے لیے مربوط حکمت عملی اپنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ اسٹاف کی کارکردگی بہتر بنانے، عوامی شکایات کا فوری ازالہ کرنے اور سرکاری دفاتر میں آنے والے سائلین کو عزت، احترام اور ہر ممکن سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔وزیراعظم نے سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کی ہمہ وقت دستیابی یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو صحت کی معیاری سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ اس سلسلے میں غفلت یا کوتاہی کو دور کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے نوجوانوں کے روزگار کے مواقع بڑھانے کے حوالے سے کہا کہ انہیں مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق فنی اور پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ عملی زندگی میں بہتر کردار ادا کر سکیں۔وزیراعظم آزادکشمیر نے سیاحت کے فروغ کو معاشی ترقی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس شعبے کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جدید ٹیکنالوجی، شفاف نظام، میرٹ اور بہتر انتظامی اقدامات کے ذریعے سرکاری اداروں کی کارکردگی میں بہتری لائی جائے گی اور عوام کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

جواب دیں

Back to top button