آزاد جموں و کشمیر کے 79ویں یومِ تاسیس پر مختلف تقریبات،صدر،وزیر اعظم کی شرکت

صدر آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب خان نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے 79ویں یومِ تاسیس کے تاریخی اور پُروقار موقع پر آزاد جموں و کشمیر کے عوام، مقبوضہ جموں و کشمیر کے اپنے بھائیوں، بہنوں اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں کو دلی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔آج کا دن ہماری تاریخ میں محض ایک یادگار دن نہیں، بلکہ قربانی، عزم، حوصلے اور آزادی کے لیے ہمارے اسلاف کی بے مثال جدوجہد کی روشن علامت ہے۔24 اکتوبر 1947ء کو آزاد حکومتِ ریاست جموں و کشمیر کا قیام اُن عظیم قربانیوں کا ثمر تھا جو ہمارے آباؤ اجداد نے آزادی، عزتِ نفس اور حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے پیش کیں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے 79 ویں یوم تاسیس کے موقع پر پریڈ گراؤنڈ مظفرآباد میں منعقدہ مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صدر آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب خان نے کہا کہ آج ہم اُن عظیم شہداء، مجاہدینِ آزادی اور بانیانِ آزاد کشمیر کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر آزادی کی شمع روشن کی۔یومِ تاسیس ہمیں یہ حقیقت بھی یاد دلاتا ہے کہ ہماری جدوجہد کا بنیادی مقصد ابھی تشنہ تکمیل ہے۔انھوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کا خطہ تحریکِ آزادی کشمیر کی ایک عظیم امانت ہے، اور اس امانت کا تقاضا ہے کہ ہم اپنے اُن بھائیوں اور بہنوں کو کبھی فراموش نہ کریں جو مقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنے بنیادی حقوق اور حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے پُرعزم ہیں۔ہم مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی استقامت، حوصلے اور قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں اور عالمی برادری، بالخصوص اقوامِ متحدہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مسئلہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پُرامن حل کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور کشمیری عوام کو اقوامِ متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت دلانے میں اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔انھوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن، استحکام اور خوشحالی کا راستہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے ہو کر گزرتا ہے۔یوم تاسیس کے موقع پر میں حکومتِ پاکستان، پاکستان کی تمام سیاسی قوتوں اور پاکستانی عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں، جنہوں نے ہر مشکل گھڑی میں کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کی ہے۔انھوں نے کہا کہ آج ہمیں اپنی تاریخ پر فخر کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے مستقبل کی ذمہ داریوں کا بھی پوری سنجیدگی سے احساس کرنا ہوگا۔آزاد جموں و کشمیر قدرتی حسن، آبی وسائل، باصلاحیت نوجوانوں اور بے پناہ انسانی صلاحیتوں سے مالامال خطہ ہے۔ہماری اولین ترجیح ایک ایسا آزاد کشمیر ہونا چاہیے جہاں قانون کی حکمرانی ہو، انصاف سب کے لیے یکساں ہو، میرٹ کا احترام ہو اور ہر شہری کو ترقی کے مساوی مواقع میسر ہوں۔تعلیم، صحت، بنیادی ڈھانچے، روزگار، سیاحت، ماحولیات اور عوامی فلاح و بہبود کے شعبوں میں بہتری ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔ہمارے نوجوان ہمارا سب سے قیمتی سرمایہ اور روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔ ہمیں انہیں معیاری تعلیم، جدید مہارتوں اور باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لانا ہوں گی۔ہماری خواتین معاشرے کی تعمیر و ترقی میں بنیادی کردار ادا کر رہی ہیں۔ ان کی تعلیم، عزت، تحفظ اور ترقی کے مواقع کو یقینی بنانا بھی ہماری قومی ذمہ داری ہے۔ہمیں اپنے قدرتی وسائل، جنگلات، دریاؤں اور خوبصورت ماحول کا تحفظ کرتے ہوئے پائیدار ترقی کی راہ اختیار کرنا ہوگی۔ صدر آزاد جموں و کشمیر نے کہا کہ بحیثیت صدرِ آزاد جموں و کشمیر، میرا پختہ یقین ہے کہ قومی اتحاد، آئین و قانون کی بالادستی، مضبوط ادارے اور عوامی خدمت ہی ایک مستحکم اور خوشحال معاشرے کی بنیاد ہیں۔ہمیں سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر ریاست اور عوام کے وسیع تر مفادات کے لیے متحد ہونا ہوگا۔اختلافِ رائے جمہوری معاشروں کا حسن ہے، لیکن قومی مفادات، ریاستی وقار اور عوام کی فلاح و بہبود پر ہم سب کو یکجا ہونا چاہیے۔انھوں نے کہا کہ میں اس تاریخی موقع پر تمام سیاسی قیادت، ریاستی اداروں، اہلِ علم، اساتذہ، نوجوانوں، سول سوسائٹی اور زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ آزاد جموں و کشمیر کو امن، رواداری، انصاف اور ترقی کا مثالی خطہ بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔انھوں نے کہا کہ آج ہم اپنے شہداء کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے یہ عہد کرتے ہیں کہ ہم اُن کے خوابوں کو فراموش نہیں کریں گے۔ہم اپنی آزادی کی قدر کریں گے، اپنے اداروں کو مضبوط بنائیں گے، اپنے عوام کے حقوق کا تحفظ کریں گے اور اپنی آنے والی نسلوں کے لیے ایک بہتر، محفوظ اور خوشحال مستقبل کی بنیاد رکھیں گے۔ہماری منزل امن ہے، ہمارا راستہ اصولوں اور انصاف کا راستہ ہے، اور ہماری جدوجہد کشمیری عوام کے جائز اور مسلمہ حقِ خودارادیت کے حصول تک جاری رہے گی۔صدر ریاست ڈاکٹر محمد نجیب خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس یومِ تاسیس پر ہم سب مل کر یہ عہد کرتے ہیں کہ ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر ریاست کی عزت، عوام کی خدمت اور کشمیر کے روشن مستقبل کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں وقف کریں گے۔اللہ تعالیٰ ہمارے وطن کو امن، اتحاد، استحکام اور خوشحالی عطا فرمائے، ہمارے شہداء کے درجات بلند فرمائے، اور کشمیری عوام کو آزادی، انصاف اور باوقار مستقبل کی منزل سے ہمکنار فرمائے۔آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کے 79ویں یوم تاسیس کے موقع پرمرکزی تقریب کا انعقاد دارلحکومت مظفرآباد میں کیاگیا۔ پریڈ گراؤنڈ مظفرآباد میں منعقدہ یوم تاسیس کی مرکزی تقریب کے مہمان خصوصی صدر آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب خان تھے۔تقریب میں وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی، وزراء حکومت، ممبران اسمبلی، اعلیٰ فوجی افسران، سیکرٹریز حکومت، سیاسی قائدین سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔صدر آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب خان نے وزیراعظم آزاد کشمیر کے ہمراہ مرکزی تقریب میں پرچم کشائی کی۔ تقریب میں مہمان خصوصی کو پولیس کی جانب سے سلامی پیش کی گئی۔صدر ریاست نے پریڈ کا معائنہ کیا۔ آزادجموں وکشمیر پولیس،رینجرز پولیس، وویمن پولیس،کمانڈوز، ٹریفک پولیس، ریسکیو 1122،گرلز گائیڈ،شہری دفاع، بوائز سکاوٹس کے دستوں نے مارچ پاسٹ کیا۔ اس موقع پرگورنمنٹ سکولوں کے طلبا اور طالبات نے کشمیری ملی نغمے پیش کیے جن میں مقبوضہ جموں وکشمیر کے عظیم حریت پسند عوام کو خراج تحسین پیش کیاگیا۔صدر آزاد کشمیر نے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں کارکردگی کے حامل افراد کو اعزازات سے نوازا۔ تقریب میں اس عزم کا اعادہ کیاگیا کہ جب تک مقبوضہ جموں وکشمیر ہندوستان کے غیر آئینی، غیر قانونی اور غیر اخلاقی قبضے سے آزاد ہوکر پاکستان کا حصہ نہیں بن جاتا اسوقت تک تحریک آزادی کشمیر جاری رہے گی۔

جواب دیں

Back to top button