پانچ برس کے دوران آزاد کشمیر میں چار حکومتیں تبدیل ہوئیں،عوام کا حکومتی نظام پر اعتماد متاثر ہوا،وزیر اعظم افتخار گیلانی

وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے کہاہے کہ کشمیری عوام کے جذبات کو الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں، ایک مضبوط پاکستان ہی آزادی کی جدوجہد کا ضامن ہے، پاکستان کی سیاسی قیادت کو مظفرآباد آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں، خوشی ہے کہ پاکستان عالمی سطح پر مضبوط ہو رہا ہے۔ گزشتہ پانچ برس کے دوران آزاد کشمیر میں چار حکومتیں تبدیل ہوئیں، جس کے باعث عوام کا حکومتی نظام پر اعتماد متاثر ہوا۔ اس پس منظر میں پہلے 100 دن کے لیے 14 ارب 75 کروڑ روپے کے ترقیاتی پروگرام پیش کیا گیا ہے۔جس میں صحت کے شعبے میں تین کیتھ لیبز، دو سٹروک سینٹرز، بنیادی مراکز صحت (بی ایچ یوز) کی اپ گریڈیشن اور پنجاب کے ماڈل کے مطابق کلینک آن ویلز سروس کو پہلے 100 دن میں مکمل کی جائیں گی۔ آٹھ ضلعی ہیڈکوارٹرز میں ’’ستھرا کشمیر‘‘ منصوبے پر ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں کام شروع کر دیا جائے گا جبکہ ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ سکیم پر بھی پہلے 100 دن کے دوران عملی کام کا آغاز ہوگا۔سیاحت کے فروغ کے لیے محکمہ سیاحت کے زیرانتظام سرکاری گیسٹ ہاؤسز کو آئندہ چھ ماہ میں جدید خطوط پر استوار اور مظفرآباد سمیت ڈویژنل ہیڈکوارٹرز کی تین ماہ کے اندر خوبصورتی کے منصوبے مکمل کیے جائیں گے۔ میرپور اور مظفرآباد میں گرین بس سروس شروع کی جا چکی ہے جبکہ آئندہ 100 دن میں مزید چھ شہروں تک اس سروس کو وسعت دی جائے گی تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف ، صدر مسلم لیگ ن محمد نواز شریف ، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار ، وزیر اعلیٰ پنجاب کے دورہ مظفرآباد کے دوران مسلم لیگ ن آزاد جموں و کشمیر حکومت کے سوروزہ پلان بارے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ سرکاری جامعات کے طلبہ اور ملک کی ممتاز نجی جامعات میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے خواہش مند مستحق طلبہ کے لیے دو الگ الگ وظائف کی سکیمیں پہلے 100 دن میں شروع کی جائیں گی۔ ان سکیموں کا مقصد ایسے باصلاحیت طلبہ کی معاونت کرنا ہے جو مالی وسائل کی کمی کے باعث معیاری اور اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے سے محروم رہ جاتے ہیں۔انہوں نے نوجوانوں کے لیے ہنرمندی کے فروغ کا پروگرام شروع کرنے اور انہیں روزگار کے قابل بنانے کے ساتھ کاروبار کے آغاز کے لیے قرضوں کی فراہمی کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ جن تین شہروں میں گرین بسیں چلائی جائیں گی، ان کے بنیادی انفراسٹرکچر کو بھی پہلے 100 دن میں مکمل کیا جائے گا۔ سیاحت کے فروغ کے لیے اہم سیاحتی مقامات تک سڑکوں اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیر بھی منصوبے کا حصہ ہوگی۔ افتخار گیلانی نے کہا کہ میرٹ پر بھرتیوں، ترقیاتی منصوبوں اور سماجی شعبے میں بہتری کے ذریعے عوام کا حکومت پر اعتماد بحال کیا جائے گا۔ عوام کو حکومت کی کارکردگی کی بنیاد پر اسے جانچنے کا موقع ملنا چاہیے۔اجلاس میں صدر آزاد جموں وکشمیر ڈاکٹر محمد نجیب خان، سپیکر قانون ساز اسمبلی طارق فاروق بھی موجود تھے۔

جواب دیں

Back to top button