حکومت بلوچستان کو ترکیہ کے شہر انطالیہ میں منعقدہ اقوام متحدہ کی31ویں کلائمیٹ چینج کانفرنس میں اہم کامیابی حاصل

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے کلائمیٹ وژن اور پائیدار ترقی کے لیے اسٹریٹجک اقدامات کے نتیجے میں حکومت بلوچستان نے ترکیہ کے شہر انطالیہ میں منعقدہ اقوام متحدہ کی 31ویں کلائمیٹ چینج کانفرنس میں اہم کامیابی حاصل کرلی، جہاں بلوچستان کے فلیگ شپ بلیو کاربن آفسیٹ پراجیکٹ کو بین الاقوامی کاربن پراجیکٹ ڈویلپرز، گرین سوورین ویلتھ فنڈز اور کثیرالجہتی کلائمیٹ اداروں کی جانب سے بھرپور پذیرائی اور حمایت حاصل ہوئی، جس کے بعد بلوچستان عالمی کاربن فنانس اور ماحولیاتی سرمایہ کاری کے لیے ایک اہم مقام کے طور پر سامنے آیا ہے۔ بلیو کاربن اور کلائمیٹ فنانس سے متعلق اعلیٰ سطحی پلینری سیشن میں صوبائی وفد کی قیادت سیکرٹری محکمہ جنگلات و جنگلی حیات اسد اللہ فیض نے کی، جنہوں نے بلوچستان کے قدرتی وسائل، ساحلی ماحولیاتی نظام اور مستقبل کے سرمایہ کاری منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں بلوچستان بلیو کاربن آفسیٹ پراجیکٹ خصوصی توجہ کا مرکز رہا، جسے بین الاقوامی سرمایہ کاروں نے ماحولیاتی تحفظ، مالیاتی استحکام اور مؤثر گورننس کے حوالے سے ایک اہم منصوبہ قرار دیا۔ یہ منصوبہ بلوچستان پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کے تحت 46 سالہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی بنیاد پر تشکیل دیا گیا ہے، جس کے لیے 31 ملین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری مکمل طور پر نجی ڈویلپر کی ایکویٹی کے ذریعے کی جائے گی، اس طرح منصوبے پر صوبائی خزانے سے کوئی مالی بوجھ نہیں پڑے گا۔ منصوبے کے تحت گوادر، لسبیلہ اور حب کے اضلاع میں چھ بڑے ساحلی کلسٹرز کے اندر 34 ہزار 351 ہیکٹر رقبے پر مشتمل مینگروو جنگلات کی بحالی اور تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔ بین الاقوامی کاربن اکاؤنٹنگ معیارات اور پیرس معاہدے کے آرٹیکل 6 کے تحت اس منصوبے سے اپنی مکمل مدت کے دوران 707 ملین امریکی ڈالر سے زائد کاربن ریونیو حاصل ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے، جبکہ اس کے نتیجے میں لاکھوں ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ کانفرنس میں بلوچستان کی 770 کلومیٹر طویل ساحلی پٹی کے قدرتی وسائل اور ماحولیاتی اہمیت کو بھی اجاگر کیا گیا۔ سیکرٹری جنگلات و جنگلی حیات اسد اللہ فیض نے بتایا کہ صوبہ پہلے ہی تین نوٹیفائیڈ میرین پروٹیکٹڈ ایریاز، جزیرہ استولہ، میان ہور اور جزیرہ چرنا کے تحفظ کے لیے اقدامات کر رہا ہے، جبکہ ایک لاکھ 60 ہزار ہیکٹر محفوظ مینگروو ریزرو بھی صوبے کے قدرتی سرمائے کا حصہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی بلیو کاربن منصوبے کے علاوہ بلوچستان میں مزید ایک لاکھ 60 ہزار ہیکٹر قابل عمل ساحلی اور ویٹ لینڈ رقبہ موجود ہے، جسے مستقبل میں کاربن منصوبوں کی توسیع اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اس پیش رفت نے کانفرنس میں شریک عالمی سرمایہ کاروں اور ماحولیاتی اداروں کی خصوصی توجہ حاصل کی۔ اجلاس اور دوطرفہ مذاکرات کے دوران بلوچستان کے کمیونٹی بیسڈ کنزرویشن ماڈل کو بھی سراہا گیا۔ منصوبے کے تحت کاربن ریونیو کا 15 فیصد کمیونٹی ڈویلپمنٹ فنڈ کے لیے مختص کیا گیا ہے، جس سے مقامی آبادیوں کے لیے سولر واٹر ڈی سیلینیشن، صاف پانی کی فراہمی اور ماحول دوست روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ کانفرنس کے دوران ایک اہم پالیسی سفارش بھی پیش کی گئی، جس کے تحت ساحلی اور جنگلاتی علاقوں میں رہنے والی مقامی آبادیوں کو بین الاقوامی کاربن کریڈٹ سے حاصل ہونے والی آمدن میں براہ راست مالی حصہ یا ڈیویڈنڈ دینے کی تجویز دی گئی۔ سیکرٹری اسد اللہ فیض نے یقین دہانی کرائی کہ کمیونٹی ڈیویڈنڈ کے اس مجوزہ نظام کو باضابطہ پالیسی منظوری کے لیے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے سامنے پیش کیا جائے گا تاکہ مقامی آبادی بھی صوبے کی گرین اکانومی اور ماحولیاتی ترقی کے ثمرات میں براہ راست شریک ہوسکے۔ منصوبے سے مقامی آبادیوں کو روزگار اور معاشی ترقی کے وسیع مواقع میسر آئیں گے، کیونکہ منصوبے پر کام کرنے والے ڈویلپرز کو مقامی افرادی قوت اور لیبر کو ترجیح دینا ہوگی، جس سے ساحلی اضلاع میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونے کے ساتھ مقامی لوگوں کی معاشی حالت بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔ بلیو کاربن منصوبے کے تحت مینگروو جنگلات کی بحالی، ساحلی ماحول کے تحفظ، مقامی کمیونٹیز کی ترقی اور گرین روزگار کے فروغ کو یکجا کیا گیا ہے۔ کانفرنس میں منصوبے کو ملنے والی بین الاقوامی پذیرائی کو بلوچستان کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے، جبکہ عالمی سرمایہ کاروں کی دلچسپی اس امر کی عکاس ہے کہ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کے کلائمیٹ ویژن کے تحت صوبے کے قدرتی وسائل کو ماحولیاتی تحفظ کے ساتھ پائیدار معاشی ترقی اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کے لیے بروئے کار لانے کی کوششیں آگے بڑھ رہی ہیں۔

جواب دیں

Back to top button