*لاہور کے لئے بڑا اعزاز،شوشا آذربائیجان سے باضابطہ طور پر ای سی او ٹورازم کیپیٹل ٹائٹل لاہور کے حوالے*

محکمہ سیاحت، آثارِ قدیمہ و عجائب گھرنے ایک اور اہم اعزاز اپنے نام کر لیا۔ اقتصادی تعاون تنظیم (ECO) کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر اسد مجید خان نے جمہوریہ آذربائیجان کے شہر شوشا سے لاہور کو ECO ٹورازم کیپیٹل 2027 کا اعزاز باضابطہ طور پر منتقل کر دیا۔ اس موقع پر سیکرٹری سیاحت، آثارِ قدیمہ و عجائب گھر محکمہ پنجاب، سقراط امان رانا نے حکومتِ پنجاب اور شہر لاہور کی نمائندگی کرتے ہوئے یہ اعزاز وصول کیا۔ شوشا، آذربائیجان میں منعقدہ اس باضابطہ تقریب میں ECO کے رکن ممالک کے اعلیٰ حکام، سیاحتی شعبے کے نمائندوں اور مختلف ممالک کے وفود نے شرکت کی۔پاکستان نے شوشا میں منعقدہ سیاحتی ایکسپو میں ایک خصوصی پویلین کے ذریعے اپنی سیاحتی شعبے، تاریخی ورثے اور ثقافت کو اجاگر کیا۔ پویلین میں پاکستان کے تاریخی مقامات اور روایتی مہمان نوازی کو نمایاں کیا گیا۔ ایکسپو نے پاکستان کو ایک اہم بین الاقوامی سیاحتی منزل کے طور پر متعارف کرانے، ثقافتی روابط کے فروغ اور ECO کے رکن ممالک کے ساتھ سیاحتی تعاون کو مضبوط بنانے کا موقع فراہم کیا۔

ECO ٹورازم کیپیٹل 2027 کا حیثیت سے لاہور علاقائی سیاحت، ثقافتی تبادلے اور بین الاقوامی روابط کا مرکز بنے گا۔ اس سلسلے میں لاہور میں ECO کے سرکاری اجلاس اور سیاحتی سرگرمیوں کے ساتھ بسنت فیسٹیول، لاہور بینالے اور دیگر ثقافتی و سیاحتی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ سال بھر جاری رہنے والی ان سرگرمیوں کے ذریعے لاہور کے تاریخی ورثے، پنجاب کی متنوع ثقافت، روایتی فنون، فنِ تعمیر، کھانوں اور مہمان نوازی کو عالمی سطح پر متعارف کرایا جائے گا، جس سے علاقائی تعاون، سیاحتی سرمایہ کاری اور صوبے میں سیاحت کے نئے مواقع کو فروغ ملے گا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری سیاحت، آثارِ قدیمہ و عجائب گھر محکمہ پنجاب، سقراط امان رانا نے کہا کہ:

ECO ٹورازم کیپیٹل 2027 کا اعزاز لاہور اور پاکستان کے عوام کے لیے باعثِ فخر ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے ویژن اور سئنیر صوبائی وزیر محترمہ مریم اورنگزیب صاحبہ کی قیادت میں پنجاب کو ایک نمایاں بین الاقوامی سیاحتی مرکز بنانے کے لیے تاریخی ورثے، ثقافت کے فروغ، سیاحتی سہولیات کی بہتری اور پائیدار سیاحت کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ہم ای سی اوECO کے رکن ممالک سمیت دنیا بھر سے آنے والے سیاحوں، مہمانوں اور وفود کا خیرمقدم کرنے کے منتظر ہیں۔ یہ نہ صرف لاہور کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے بلکہ علاقائی روابط کو مضبوط بنانے، ثقافتی تبادلے کو فروغ دینے اور پنجاب میں سیاحت و سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے کا بھی ایک اہم ذریعہ ثابت ہوگا۔اس موقع پر سیکرٹری سیاحت، آثارِ قدیمہ و عجائب گھر، سقراط امان رانا نے سینئر صوبائی وزیر محترمہ مریم اورنگزیب کی جانب سے معززین کو سووینئرز بھی پیش کیے، جو پنجاب کی بھرپور ثقافتی روایات، سیاحتی ورثے اور مہمان نوازی کی عکاسی کرتے ہیں۔

جواب دیں

Back to top button