پاکستان چین بزنس فورم کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے لاہور کا دورہ کیا، جہاں انہیں پنجاب میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع خصوصاً سیاحت، زراعت اور متعلقہ شعبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وفد کا استقبال صوبائی وزیر زراعت سید عاشق حسین شاہ کرمانی، سیکرٹری زراعت افتخار علی سہو، سیکرٹری لائیو اسٹاک احمد عزیز تاڑر اور سیکرٹری ٹورازم آرکیالوجی اینڈ میوزیمز سقراط امان رانا نے کیا۔ وفد کو پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ (پی اینڈ ڈی) بورڈ میں بریفنگ کے دوران پنجاب حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں، کاروبار میں آسانی کے اقدامات اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے جاری اصلاحات بارے بتایا گیا۔

اجلاس کے دوران وفد کو سیاحتی انفراسٹرکچر، ہاسپیٹیلٹی سیکٹر، زراعت، ایگری بزنس اور لائیوسٹاک ڈویلپمنٹ میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ میں پنجاب کے سیاحتی پوٹینشل پر بھی زور دیا گیا، جس وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے میگنیفیسنٹ پنجاب ویژن کے تحت ثقافتی ورثہ، مذہبی سیاحت، عجائب گھر اور پائیدار سیاحت کا فروغ شامل ہے۔صوبائی وزیر زراعت سید عاشق حسین شاہ کرمانی نے سرمایہ کاری سے متعلق پالیسی مراعات، انفراسٹرکچر کی دستیابی اور مختلف شعبوں میں مواقع پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مشترکہ منصوبوں میں شرکت کی دعوت دی۔ وفد نے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اور تعاون میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔اجلاس کے دوران سوال و جواب کا تفصیلی سیشن بھی منعقد ہوا، جس میں سرمایہ کاری کے طریقۂ کار، ریگولیٹری فریم ورک اور شراکت داری کے ماڈلز سے متعلق سوالات کے تسلی بخش جوابات فراہم کیے گئے۔ چینی کمپنیوں کے نمائندگان نے پنجاب حکومت کے سہولت کار اقدامات کو سراہا اور مستقبل میں تعاون بڑھانے میں دلچسپی ظاہر کی۔ پاکستان چین بزنس فورم کے ساتھ مؤثر رابطہ اور آئندہ اقدامات کے لیے سیکرٹری زراعت افتخار علی سہو کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا۔دورے کے دوران وفد نے لاہور میوزیم کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے تاریخی نوادرات اور مجسموں کے نادر ذخیرے کا مشاہدہ کیا۔ وفد نے “ہسٹری بائے نائٹ” پروگرام میں بھی شرکت کی، جس کے ذریعے لاہور کے ثقافتی ورثے کو منفرد انداز میں پیش کیا گیا۔ اس موقع پر وفد کو یادگاری تحائف بھی پیش کیے گئے۔صوبائی وزیر زراعت سید عاشق حسین شاہ کرمانی، سیکرٹری ٹورازم آرکیالوجی اینڈ میوزیمز سقراط امان رانا اور دیگر افسران نے وفد کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔